بھوپال۔ مدھیہ پردیش کی بھوپال پارلیمانی نشست سے بی جے پی کی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی طرف سے ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن بتائے جانے کا تنازعہ ابھی پوری طرح ٹھنڈا بھی نہیں ہو پایا تھا کہ پارٹی کے ایک دوسرے لیڈر نے مہاتما گاندھی کو پاکستان کا بابائے قوم بتا کر ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے ۔ پارٹی کی مدھیہ پردیش یونٹ کے میڈیا انچارج انل سومتر نے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں بغیر کسی کا نام لئے کہا ہے کہ بابائے قوم تھے ، لیکن پاکستان کے بابائے قوم ۔ ہندوستان میں تو ان کی طرح کروڑوں بیٹے ہوئے ۔کچھ لائق تو کچھ نالائق۔
اس بارے میں سومتر نے بعد میں کہا کہ یہ ان کے ذاتی خیالات ہیں اور ان کا پارٹی کی ذمہ داری سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ وہ مہاتما گاندھی کے خیالات کے اسکالر ہیں اور نظریات کا مطالعہ کرتے ہوئے کئی طرح کے خیالات آتے ہیں۔ انہوں نے اپنے اسی خیال کو پیش کیا ہے ۔
انہوں نے الزام لگایا کہ انگریزوں نے ہندوستان کی آزادی کے بعد ملک کے ایک ہونے کے عمل کے دوران مہاتما گاندھی کو فادر آف نیشن کہا تھا، لیکن کانگریس نے اپنے فائدے کے لئے اس لفظ کا ہندی متبادل پیش کر دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان بنانے میں مہاتما گاندھی کی خاموش منظوری تھی اور اسی لیے ان کے خیال سے انہیں پاکستان کا ہی بابائے قوم کہاجانا چاہیے ۔ اس سے پہلے بھوپال سے بی جے پی امیدوار پرگیہ ٹھاکر نے ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن بتا دیا تھا۔ اس بیان پر ہنگامہ ہونے کے بعد انہوں نے معافی مانگی تھی۔
بی جے پی لیڈر کےلئے مہاتما گاندھی پاکستان کے بابائے قوم
- Advertisement -
- Advertisement -