لکھیم پور کھیری ۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی اروندگری جنہوں نے 2007 میں ددھوا ٹائیگر ریزرو (ڈی ٹی آر) میں دوستوں کے ساتھ پارٹی کی تھی، ان کے خلاف اب لکھیم پور کھیری میں ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (اے سی جے ایم) کی عدالت نے ناقابل ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔ ایم ایل اے کے ڈرائیور ارجن کمار کو بھی وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔گری اور اس کے رشتہ داروں نے ریزرو جنگل کے کشن پور رینج کے اندر پارٹی کرتے ہوئے ڈی ٹی آر کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کی تھی۔
ایڈوکیٹ سنجے رائے نے ددھوا عہدیداروں کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ گری جو پانچ بار کے ایم ایل اے اور لکھیم پور کھیری کے گولا سے موجودہ رکن اسمبلی ہیں، پہلے عدالتی سمن میں حاضر ہونے میں ناکام رہے تھے۔اے سی جے ایم مونا سنگھ نے اب کھیری کے ایس پی سنجیو سمن کو ہدایت دی ہے کہ ملزمان کو گرفتار کریں اور انہیں 28 جولائی کو اگلی سماعت پر پیش کریں۔اتفاق سے ایک حالیہ ہدایت میں الہ آباد ہائی کورٹ نے نچلی عدالت کو اگلے دو ماہ کے اندر مقدمے کی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
ایم ایل اے کے خلاف 2009 میں عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی تھی لیکن وہ کبھی پیش نہیں ہوئے تھے۔ انہوں نے ایک بار ہائی کورٹ سے حکم التواء لیا اور پھر کیس فائل عدالت کے ریکارڈ روم سے غائب ہو گئی۔ فائل کو دوبارہ تشکیل دیا گیا اورسمن بھیجے گئے لیکن دوبارہ پیش نہیں ہوئے۔ اب ہائی کورٹ نے اس مقدمہ کی جلد سماعت کو یقینی بنانے کے لیے مخصوص ہدایات دی ہیں ۔
گری کے خلاف 2007 میں بھیرہ پولیس اسٹیشن میں انڈین وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کی متعدد دفعہ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ رائے نے مزید کہا کہ قانون ساز کے خلاف آج تک آٹھ الگ الگ فوجداری مقدمات درج کیے گئے ہیں۔61 سالہ سیاست دان نے تاہم دعویٰ کیا کہ ریاست نے دیگر زیر التوا فوجداری مقدمات میں سے پانچ کو واپس لے لیا ہے۔
میں 2007 میں سماج وادی پارٹی کا ایم ایل اے تھا، اور یہ (دودھوا) مقدمہ سیاسی طور پر متاثر تھا۔ میرے رشتہ دارکشن پور میں تھے اور اس وقت کے رینجر کے ساتھ جھگڑا تھا۔ اس کے بعد، میرے، میرے رشتہ داروں اور میرے ڈرائیور کے خلاف دو ایف آئی آر درج کی گئیں۔ ریاست نے وبا سے پہلے میرے خلاف فوجداری مقدمات واپس لے لیے تھے، تب عدالتیں بند تھیں اور اب اس میں وارنٹ جاری کیے گئے ہیں، شاید کسی غلط بات اور میرے وکیل کی لاپرواہی کی وجہ سے، میں ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہوکر رہوں گا۔ میرا مقدمہ آگے بڑھائیں۔