ممبئی ۔ عصمت ریزی کے بعد متاثرہ خاتون کو دھمکی دینے کے درجنوں واقعات سامنے آتے رہتے ہیں لیکن پہلی مرتبہ ایسا ہے ہوا کہ ایک 75 سالہ شخص نے 35 سالہ خاتون کی عصمت ریزی کے بعد اسے خوف زدہ کرنے کےلئے ڈان داؤد ابراہیم کا نام استعمال کیا ہے ۔تفصیلات کے بموجب ممبئی کے جوہو علاقے میں ایک 35 سالہ خاتون کی عصمت ریزی کے معاملے میں ممبئی پولیس نے ایک 75 سالہ تاجر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایک 75 سالہ تاجر نے ممبئی کے جوہو علاقے میں واقع ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں ایک 35 سالہ مصنف کی عصمت ریزی کی ہے ۔
خاتون کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے ملزم کے خلاف آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا اور مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق ملزم نے زیادتی کا شکار خاتون کو انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کا نام لے کر دھمکی دی اور کہا کہ اگر اس نے پولیس کو شکایت کی تو وہ اسے جان سے مار دے گا۔ متاثرہ خاتون نے تاجر کے خلاف ممبئی کے امبولی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ ایک اور چونکا دینے والی پیش رفت یہ ہے کہ خاتون نے الزام لگایا ہے کہ اسے “ڈی” گینگ کی طرف سے کال موصول ہوئی تھی جس میں اسے دھمکی دی گئی تھی کہ وہ تاجر کے خلاف شکایت درج نہ کروائے ورنہ انجام برا ہوگا۔
ملزم تاجر نے متاثرہ خاتون سے 2 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا اور اسے واپس نہیں کیا تھا۔ اس کے علاوہ جب متاثرہ خاتون نے اپنے ساتھ ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کی کوشش کی تو ملزم تاجر اور داؤد ابراہیم سے وابستہ لوگوں نے براہ راست دھمکی دی کہ اگر اس نے اس بارے میں کسی کو کچھ کہا تو وہ اسے قتل کر دیں گے۔ اس معاملے کی تحقیقات فی الحال امبولی پولس سے ایم آئی ڈی سی پولیس کو منتقل کر دی گئی ہے۔ ایم آئی ڈی سی پولیس خاتون کے دعووں کی تحقیقات کر رہی ہے۔