نئی دہلی: کشمیری سی پی آئی کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے آرٹیکل 370کی منسوخی سے متعلق امور پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی سربراہی میں بنچ ان کی درخواست کے ساتھ کانگریس کے رہنما غلام نبی آزاد،سی پی آئی ایم کے رہنما سیتا رام یچوری،ایم ڈی ایم کے جنرل سکریٹری وائیکو،بچوں کے حقوق کی سرگرم کارکن سوناکشی گنگولی،کشمیر ٹائمز کے اگزیکیٹیوایڈیتر انورادھا بھاسن،سمیر کول کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
تاریگامی ان رہنماؤں میں شامل تھے،جن کو آرٹیکل 370کو منسوخ کرنے کے بعد گزشتہ ماہ حراست میں لیا گیا تھا،ان کی پارٹی کے ساتھی سیتارام یچوری نے سپریم کورٹ میں ان کی نظر بندی کو چیلنج کرنے کے دو ہفتوں بعد انہوں نے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔
واضح ہوکہ سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد،تاریگامی کوعلاج کے لئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں علاج کے لئے لایا گیا تھا۔اس کے بعد 16ستمبر کو،سپریم کورٹ نے سی پی آئی ایم کے رہنما محمد یوسف تاریگامی کو سری نگر واپس جانے کی اجازت دی تھی۔
جب سیتارام یچوری سری نگر میں اپنی پارٹی کے ساتھی تاریگامی سے ملنے گئے تو انہوں نے پایا کہ تاریگامی کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی گئی تھی اور اس کے بعد سکیوریٹی واپس لے لی گئیں۔انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ تاریگامی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں،انہیں اسپتال جانے کی اجازت نہیں ہے۔اس کے بعد عدالت نے 5ستمبر کو تاریگامی کو ایمس میں منتقل کرنے کی ہدایت کی۔