5 اپریل تک دو قسطوں کی جملہ رقم اور دستاویزات جمع کروادیں۔ پروفیسر ایس اے شکو ر کا بیان
حیدرآباد 23 مارچ مرکزی حج کمیٹی نے ریاست تلنگانہ کے لئے ویٹنگ لسٹ کے تحت 308 عازمین کے انتخاب کا اعلان کیا ہے اور ان کو ہدایت دی ہے کہ وہ 5 اپریل تک دوقسطوں کی جملہ رقم 2,01,000/- ( دو لاکھ ایک ہزار ) روپئے جمع کروادیں۔ اس رقم میں حج مصارف کی پہلی قسط مبلغ 81,000/- روپئے اور دوسری قسط 1,20,000/- روپئے شامل ہیں ۔
اسپیشل آفیسرپروفیسر ایس اے شکو ر نے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ منتخب عازمین حج رقم بینک چالان یا ای پے منٹ کے ذریعہ اداکرسکتے ہیں۔رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے اکاؤنٹ نمبر 32175020010 FEE TYPE-25 میں یا یونین بینک آف انڈیا کے اکاؤنٹ نمبر 318702010406009 (Haj Account) میں بینک کی کسی بھی برانچ میں جہاں کور بینکنگ کی سہولت ہو جمع کروائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جو عازمین آن لائن ادائیگی کرنا چاہیں وہ انٹرنیٹ بینکنگ ‘ ڈیبیٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کے لئے حج کمیٹی کی ویب سائیٹ www.hajcommittee.gov.in پر مہیا ای پے منٹ آپشن استعمال کرسکتے ہیں۔
عازمین بینک میں ادائیگی کے بعد بینک کی رسید کی ایک کاپی دفتر حج کمیٹی میں داخل کریں اور ایک کاپی اپنے پاس محفوظ رکھیں۔ عازمین بینک چالان پر یا ای پے منٹ کے ذریعہ ادائیگی پر اپنا ریفرنس نمبر بھی لازماًدرج کریں‘ اس طرح یہ رقم راست ان کے نام پر جمع ہوگی۔ ان عازمین کو بینک ریفرنس نمبردیا جائے گا اور اس کی اطلاع ایس ایم ایس کے ذریعہ دی جائے گی۔ ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین 5 اپریل تک اپنا اصل پاسپورٹ ‘ایک عدد فوٹو اور میڈیکل اسکریننگ اور فٹنس سرٹیفیکیٹ کے ساتھ لازماً داخل کروادیں۔ مزید تفصیلات کے لئے دفتر حج کمیٹی ‘ واقع حج ہاؤز فون نمبر040-23 29 8793. پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔ حج مصارف کی تیسری قسط کا فضائی سفر کے مصارف کا تعین ہونے کا بعد اعلان کیا جائے گا۔