حیدرآباد ۔ریاست کے کچھ حصوں میں درمیانے درجے سے لیکر موسلا دھار بارش ہونے کے ساتھ ہی موسمیاتی ماہرین نے کہا ہے کہ اب تک مانسون معمول سے بہتر رہا ہے اور کچھ حصوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔ ٹی ایس ڈی پی ایس کے مطابق یکم جون سے 19 جون 2020 تک ریاست میں بارش 131.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ معمول کے مطابق بارش کا ریکارڈ 82.7 ملی میٹر ہوتا ہے جس میں اب 59 فیصداضافہ ہوا ہے۔
ریاست تلنگانہ میں 19 جون تک ہونے والی بارش میں 131.2 ملی میٹر ریکارڈ ہوا جو جون کے مہینے میں معمول کی بارش 129.2 ملی میٹر سے تجاوز کرگئی ہے ۔ جمعہ کو ریاست کی اوسط بارش 7.0 ملی میٹر معمول کے مقابلہ میں 9.7 ملی میٹر زیادہ ہے۔ آئی ایم ڈی کے ڈائریکٹر ناگا رتنا کے مطابق مانسون معمول کے قریب ہے اور تلنگانہ میں اچھی پیشرفت ہورہی ہے۔ مجموعی طور پر اس سیزن میں مانسون معمول سے بہتر ہوا ہے اور آئندہ مہینوں میں اس میں مزید بہتری کی امید ہے ۔
جون اورستمبر کے درمیان توقع کررہے ہیں کہ اچھی بارش کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔ ماہرین نے پیش قیاسی کی ہے کہ جب خلیج بنگال میں جولائی یا اگست میں کچھ تبدیلی پیدا ہوجائے گئی توریاست میں شدید بارش کی توقع کی جاسکتی ہے۔ اسکائی میٹ موسم کے مہیش پلوت نے کہا کہ تلنگانہ میں بارش کے بعد اضلاع یہ ظاہر کررہے ہیں کہ مانسون اب معمولی سے کہیں زیادہ بہتر ہوگیا ہے۔
علاوہ ازیں خلیج بنگال میں موسمی نظام تشکیل پاتا ہے تو ساحلی آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں بارش میں اضافہ ہوتا ہے۔جولائی کے دوسرے ہفتے میں بارش میں مزید بہتر کی امید کی جاسکتی ہے اور تلنگانہ میں پورے عرصے میں اچھی بارش ہوگی۔