Sunday, June 8, 2025
Homeتازہ ترین خبریںتلنگانہ میں 38 فیصد کم بارش ریکاڈر کی گئی،اگسٹ اور ستمبر میں...

تلنگانہ میں 38 فیصد کم بارش ریکاڈر کی گئی،اگسٹ اور ستمبر میں بہتر بارش کا امکان

- Advertisement -
- Advertisement -

 حیدرآباد ۔ ریاست تلنگانہ میں اس مرتبہ موسم برسات میں 38 فیصد کم بارش ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود زراعت کو کوئی زیادہ نقصان ہونے کا خدشہ ظاہر نہیں کیا گیا ہے کیونکہ آئندہ ماہ اگست اور ستمبر میں بہتر بارش کے امکانات روشن ہیں۔ آئی ایم ڈی کے میٹرولوجیکل سینٹر کے مطابق یکم جون سے 25 جولائی کے درمیان 199 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے حالانکہ اس عرصے کے دوران اوسطاً بارش 318.5 ملی میٹر ہونی چاہیے تھی جس سے معلوم ہوا کہ مذکورہ عرصے میں تلنگانہ میں 38 فیصد کم بارش ہوئی ہے ۔

ریاست تلنگانہ میں کم بارش کے باوجود حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ زراعت کے شعبے کو اور خاص کر کسانوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ماہ اگست اور ستمبر میں بہتر بارش کے امکانات روشن ہیں ۔ اگریکلچر شعبے کے اسٹیٹ پرنسپل سیکریٹری سی پر تھا سارا تھی نے کہا ہے کہ کہ مانسون جو اس مرتبہ تاخیر سے شروع ہوا لیکن جون اور جولائی میں جو بارش ہوئی ہے وہ فصلوں کے لیے کافی ہے اور جب کہ اگست اور ستمبر میں میں بہتر بارش کے امکانات روشن ہیں ، لہذا ریاستی عوام اور خاص کر کسانوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے تاہم انھوں نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ زراعت کے شعبے میں چند ایسی فصلیں بھی ہیں جنہیں تیز بارش کی ضرورت ہوتی ہے لہذا ان فصلوں کے لیے آئندہ ماہ میں بہتر امید کی جاسکتی ہے۔

علاوہ ازیں تلنگانہ میں کئی ایک آبی پروجیکٹ ہیں جس میں خاص کر سری رام پروجیکٹ بھی شامل ہے جس میں پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا اور کرناٹک سے بھی پانی حاصل کیا جاتا ہے۔ اس پروجیکٹ کے لیے پڑوسی ریاستوں میں ہونے والی تیز بارش بھی خوش آئند ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ 15 اور20 دنوں کا انتظار کیا جارہا ہے جس میں بہتر بارش کے امکانات روشن ہیں لیکن اس کے باوجود مزید موسمی برسات میں جتنی بارش ریکارڈ کی جانی چاہیے اس میں کمی ہو سکتی ہے۔

اس کے علاوہ ایک اور عہدیدار راجہ راونے آئندہ دوہ ماہ اگست اور ستمبر میں تلنگانہ کی بارش کی پیش قیاسی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کہ آئندہ دو ماہ میں تلنگانہ میں بارش معمول کے مطابق ہونے کے امکانات روشن ہیں اور یہ بھی امید کی جارہی ہے کہ جون اور جولائی میں بارش میں جو کمی ہوئی ہے وہ اگست اور ستمبر میں پوری ہو جائے گی لیکن اس کے باوجود یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ جو 38 فیصد با رش کم ریکارڈ کی گئی ہے اس کا ازالہ ہوجائے گا ۔ جنوب مغربی مانسون جو عام طور پر تلنگانہ میں 5 جون کو پہنچتا ہے لیکن اس مرتبہ اس میں تاخیر ہوئی اور یہ 21 جون کو تلنگانہ پہنچا تھا ۔ تلنگا نہ میں مانسون کی آمد تاخیر سے ہوئی لیکن امید کی جاسکتی ہے کہ آئندہ دو ماہ میں بہتر بارش سے اس کا ازالہ ہوجائے گا۔