Sunday, June 8, 2025
Homeتلنگانہتین دارالحکومتوں کے خلاف کسانوں کا احتجاج جاری

تین دارالحکومتوں کے خلاف کسانوں کا احتجاج جاری

- Advertisement -
- Advertisement -

امراوتی ۔آندھراپردیش کے دارالحکومت کے طورپر امراوتی کو ہی برقرار رکھنے کامطالبہ کرتے ہوئے امراوتی کے 29 دیہاتوں کے کسانوں اور خواتین نے اپنا احتجاج جاری رکھا۔تُلورو،مندڈم کے کسانوں نے زنجیری بھوک ہڑتال کی۔خواتین اورکسانوں نے مطالبہ کیا کہ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی فوری طور پر عہدہ سے مستعفی ہوجائیں۔

 ان کسانوں اور خواتین نے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھام کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔مندڈم کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے قریب کسانوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کی منظوری کے خلاف وہ عدالت سے رجوع ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی رائے حاصل کئے بغیر ریاست میں تین دارالحکومتوں کے قیام کی ریاستی کابینہ نے منظوری دی۔کسانوں نے سیاہ پرچم کے ساتھ بھی احتجاج کیا۔ان کی حمایت بعض سیاسی جماعتوں کے لیڈران،عوامی نمائندوں اورعوامی تنظیموں نے کی۔

ان کسانوں نے مطالبہ کیا کہ تین دارالحکومتوں کی تجاویز سے فوری دستبرداری اختیار کی جائے اور ان کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔ کسانوں نے کہا ہے کہ امراوتی میں انفراسٹرکچر تیار ہے اور تین دارالحکومتوں کی کوئی ضرورت ہی نہیں ہے ۔ کسانوں نے واضح کیا کہ ان کو ایک ہی دارالحکومت چاہئے جس کا وعدہ ریاستی اورمرکزی حکومتوں نے ان کی اراضیات نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے لیتے وقت کیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ جب حکومت نے امراوتی کو دارالحکومت بنانے کا اعلان کیا تھا تو اس وقت کی اپوزیشن وائی ایس آرکانگریس پارٹی نے بھی اس کو قبول کیا تھا اور اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا تاہم اب وائی ایس آرکانگریس سیاسی فائدہ اٹھانے کے لئے تمام علاقہ میں اشتعال انگیزی کو ہوا دے رہی ہے ۔