حیدرآباد : ایک 24سالہ شخص کو مقامی عورت پر جادو کرنے کے شبہ میں لوگوں نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔یہ واقعہ چہارشنبہ کے روز،حیدرآباد کے مضافات میں واقع’ادراس پلی‘گاؤں میں پیش آیا۔جو جمعرات کو منظر عام پر آیا۔پولیس نے اس شخص کی شناخت’بووینی انجنییولو‘کے طور پر کی ہے۔
تفصیلات کے بموجب ،ایک 45سالہ گیرا لکشمی نامی خاتون کی طویل علات کے بعد چہارشنبہ کو موت ہو گئی۔اس کے اہل خانہ نے شبہ کیا کہ اسی گاؤں میں رہنے والے ’بووینی انجنییولو‘نے اس خاتون پر جادو کیا تھا،جس کی وجہ سے اس کی موت ہو گئی۔
چہارشنبہ کی شام کووہ لوگ اس خاتون کی آخری رسومات ادا کر رہے تھے،اسی دوران ’بووینی انجنییولو وہاں سے گذر رہا تھا،تبھی ان لوگوں نے اس کو پکڑ لیا اور اس کی پٹائی کی اور اسے ختم کر دیا۔ثبوت مٹانے کے لئے اس کی لاش کو اسی خاتون کی چتا میں جلا دیا گیا۔
بعد ازاں اس واقعے کی اطلاع ملنے پر سینئیر پولیس عہدیدار گاؤں پہنچ گئے اور تحقیقات کا آغاز کیا۔تفتیش کاروں نے مقام واقعہ سے ہڈیوں اور دیگر باقیات کو جمع کیا اور اسے فارنسک ٹیسٹ کے لئے بھیج دیا۔