جدہ: سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ قواعد وہ ہدایت پرعمل نہ کرنے کی وجہ سے جدہ کی معروف گولڈ مارکیٹ مہر بند کردی گئی ہے۔بلدیہ کے ذیلی برانچ کے ڈائریکٹر انجینئرباسل فلمبان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ کے امور صحت کے شعبے کی جانب سے واضح طور پر تمام مارکیٹس اور سوپراسٹورز کو احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ضوابط جاری کیے گئے تھے جن پرعمل نہ کرنا خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر کے مطابق مقررہ ایس او پیز کے مطابق مارکیٹوں میں سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرنا اشد ضروری ہے تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جا سکے۔وزارت صحت کی جانب سے مقررہ ایس اوپیز میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹوں میں آنے والوں کو سماجی فاصلہ برقراررکھنا چاہیے تاہم مارکیٹوں کی انتظامیہ کو بھی اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ کاہگوں کے مابین سماجی فاصلہ رکھیں اور لوگوں کا ہجوم نہ ہونے دیں۔
جدہ کی گولڈ مارکیٹ میں بلدیہ کو اطلاع ملی تھی کہ وہاں سماجی فاصلے کے اصول پرقطعی طور پر عمل نہیں کیا جا رہا، مارکیٹ میں بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد ورفت کا سلسلہ جاری ہے جس سے اژدہام کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔بلدیہ کی ٹیموں نے مارکیٹ کا جائزہ لینے کے بعد خلاف ورزیاں نوٹ کر کے اسے بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ بلدیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جس مارکیٹ یا سوپر اسٹور میں سماجی فاصلے کے اصول کی خلاف ورزی کی جائے گی انہیں بند کردیاجائے گا۔