حیدرآباد۔ مجلس اتحاد المسلمین ( اے آئی ایم آئی ایم ) کے صدر اسد الدین اویسی نے حیدرآباد کے لوگوں سے جمعہ کی نماز کے موقع پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے ایک ویڈیو جاری کیا جس میں مسلمانوں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے گھروں کے قریب کی مساجد میں نماز ادا کریں اور پرامن طورپر گھر واپس ہوجائیں۔اویسی نے کہا کہ چونکہ بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ کی توہین مذہب کے الزام میں گرفتاری کے لئے کمیونٹی کا بنیادی مطالبہ پورا کیا گیا ہے، اس لئے لوگوں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ نماز جمعہ کے بعد کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔
ایم پی نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ نعرے نہ لگائیں یا کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے ہم وطنوں کو تکلیف ہو۔انہوں نے کہا ہماری محنت اور قربانیوں کی وجہ سے تلنگانہ کی حکومت نے ایم ایل اے کوگرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے۔ یہ ہمارا بنیادی مطالبہ تھا۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی ایم ایل اے کو (پی ڈی اے ( ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رہنما نے کہا کہ پرامن احتجاج کی وجہ سے بی جے پی، سنگھ پریوار اور دیگر فسطائی طاقتوں کو شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا بی جے پی نے حیدرآباد پرسرجیکل اسٹرائیک کی بات کی۔ یہ فاشسٹ طاقتیں اس شہر میں امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے سے نفرت کرتی ہیں۔ی
اد رکھیں، امن بی جے پی اور فاشسٹ طاقتوں کو شکست دے گا اور اگر تشدد ہوتا ہے تو وہ کامیاب ہوں گے۔ ایم پی نے یہ بھی بتایا کہ شہر میں غیر مسلم، دلت اور غریب بھی رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام برادریوں میں غریب ہیں۔ اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے اور اگرتشدد ہوتا ہے، تو غریبوں کو سب سے زیادہ نقصان ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج سے نمٹنے کے دوران پولیس نے بھی کچھ غلط کیا ہے اور اے آئی ایم آئی ایم اس سلسلے میں حکومت سے نمائندگی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار تمام نوجوانوں کورہا کردیا گیا ہے۔