کیتھل۔جوئے میں بڑی رقم گنوانے کے بعد دس لاکھ روپے کی لوٹ کا ڈرامہ کرنے کے الزام میں پولیس نے ایک تاجر اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ لوکیندر سنگھ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ گورو جندل نے شکایت کی تھی کہ اس نے اے ٹی ایم (جس کی فرنچائزی اس نے لی ہوئی تھی) میں پیسے ڈالنے کے لئے جمعہ کی دوپہر ایک دوست پنکج سنگلا کے ساتھ آئی سی آئی سی آئی بینک کی چیکا برانچ سے9 لاکھ 80 ہزار روپے نکلوائے تھے ۔ وہ لوگ ابھی گاڑی میں بیٹھ ہی رہے تھے کہ بغیر نمبر کی ایک موٹر سائیکل پر ہیلمیٹ لگائے دو نامعلوم لٹیروں نے اس سے نقدی والا بیگ چھین لیا اور وہاں سے فرار ہوگئے ۔
سنگھ نے کہا ہے کہ جیسے ہی واقعہ کی شکایت موصول ہوئی سی آئی اے1 انچارج انسپکٹر امیت کمار کی سرپرستی میں ٹیم نے تفتیش شروع کردی۔ گورو کی فرضی ڈکیتی کی کہانی میں پہلا نقص یہ پایا گیا کہ لوٹیرے دو نہیں بلکہ ایک تھا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر سریندر عرف سیڑاکوگرفتارکرلیا۔ اس نے تفتیش کے دوران بتایا کہ یہ ڈکیتی کے لئے ایک ڈرامہ تھا۔ جس کے بعد پولیس نے گورو اور پنکج کو بھی گرفتارکرلیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا ہے کہ گورو نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن جوئے کی لت کی وجہ سے اسے تقریباً 13/14 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اس نے اپنے دو دوستوں کے ساتھ مل کر یہ منصوبہ بنایا تھا کہ وہ خود اور پنکج وکرنگی کمپنی کے اے ٹی ایم میں ڈالنے کے لئے آئی سی آئی سی آئی بینک سے رقم نکال کر لائیں گے ۔ جسے سریندر بینک کے سامنے سے زبردستی چھین کر بھاگ جائے گا۔ منصوبے کے مطابق جہاں مذکورہ نقد ان کے پاس ہی رہے گی ، وہیں لوٹ کی رقم وکرانگی کمپنی سے انشورنس کی شکل میں لوٹ کی رقم بھی مل جائے گی ، جسے وہ آپس میں تقسیم کرلیں گے ۔ پولیس کے مطابق گورو نے پولیس کو گمراہ کرنے کے لئے موٹرسائیکل پر دو ڈاکوؤں کی موجودگی کے بارے میں پولیس کو بتایا تھا۔