حیدرآباد ۔ امیر پیٹ تا ہائی ٹیک سٹی میٹرو ریل خدمات کی تکمیل کے بعد اب حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹڈ (ایچ ایم آر ایل) نے اپنی تمام تر توجہ جوبلی بس اسٹیشن (جے بی ایس ) سے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن (ایم جی بی ایس )کے راستے پر میٹرو ریل خدمات کے آغاز پر مرکوز کر لی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ رواں برس ماہ ستمبر میں مذکورہ راستے پر میٹرو ریل خدمات کا آغاز ہو جائے گا۔
جوبلی بس اسٹیشن سے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تک کا فاصلہ 10 کلو میٹر ہے اور اس راستے پر دونوں اسٹیشنز کے درمیان 8 مزید اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے ۔ جوبلی بس اسٹیشن سے جب ریل روانہ ہوگی تو اس کے بعد پہلا اسٹیشن پریڈ گراونڈ ہوگا ،یہاں سے میٹرو ریل سکندر آباد ، گاندھی ہاسپٹل ،مشیرآباد، آر ٹی سی کراس روڈ ،چکڑ پلی ، نارائن گوڑا اور سلطان بازار کے بعد اپنی آخری منزل مہاتما گاندھی اسٹیشن پر پہنچ جائے گی۔ اس راستے پر پل کے تعمیراتی کام مکمل ہو چکے ہیں اور اب میٹر وریل حکام کی تمام تر توجہ اسٹیشنز کو عوامی خدمات کے لئے تیار کرنے پر مرکوز ہو چکی ہے ۔
اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے میٹروریل کے حکام نے کہا ہے کہ جوبلی بس اسٹیشن سے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن کے راستے پر میٹرو ریل کی خدمات کو ماہ ستمبر تک آغاز کرنے پر توجہ مرکوز کر دی گئی ہے کیونکہ اس کے فورا بعد مہاتما گاندھی بس اسٹیشن سے فلک نما کے راستے پر میٹرو ریل خدمات کا بھی آغاز کیا جانا ہے۔ پرانے شہر کے اس 5.5 کلومیٹر کے راستے پر بھی میٹرو ریل خدمات کا آغاز کیا جانا ہے۔ امیر پیٹ سے ہائی ٹیک سٹی کے راستے پر میٹرویل کے آغاز کے بعد حیدر آباد میں میٹروریل کا جال 56 کلومیٹرس پر محیط ہو چکا ہے اور اس طرح یہ ہندوستان میں دہلی میٹرو کے بعد میٹرو کی دوسری سب سے بڑی خدمات ہیں۔ میٹر وریل سے روزانہ 2.2 لاکھ مسافرین سفر کر رہے ہیں جبکہ ایک اندازے کے مطابق امیر پیٹ سے ہائی ٹیک سٹی کے راستے پر سفر کرنے والے مسافرین کی تعداد روزانہ 40 ہزار ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔
امیر پیٹ سے ہائی ٹیک سٹی کے بعد جوبلی بس اسٹیشن سے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن کے راستے پر میٹر وریل مسافرین کی ایک بڑی تعداد کے سفر کرنے کی امید کی جا رہی ہے کیونکہ اس راستے پر جو علاقے موجود ہیں وہ ٹریفک کے لیے مصروف ترین مقامات میں شامل ہیں ۔ حکام نے جو تفصیلات فراہم کی ہیں جس کے تحت مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تا فلک نما کے راستے پر میٹروریل کے آغاز کے لیے خانگی جائیدادوں کے حصول کا کام تقریبا مکمل ہوچکا ہے اور عنقریب اس راستے پر میٹرو ریل کی تعمیراتی کاموں کا آغاز ہو جائے گا۔