پیرس: عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے 10 ویں مرتبہ فرنچ اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے ۔ جوکووچ نے فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل میں17 ویں سیڈ اسپین کے پابلو کیرینو بسٹا کو 4-6 6-2 6-3 6-4 سے شکست دی۔ اس کے ساتھ فرنچ اوپن میں مینز سنگلز سیمی فائنل کی لائین اپ مکمل ہو گئی ہے ۔ جوکووچ نے ایک سست شروعات کی تھی اور اس کے درمیان انہیں کئی بار درد کے ساتھ جدوجہد کرتے دیکھا گیا تھا۔ انہوں نے ٹرینر سے مساج بھی کروایا۔ جوکووچ نے رولینڈ گیرومیں ایک اور خطاب اپنے نام کرنے کی جانب پیشقدمی جاری رکھی ہے ۔
18 ویں گرانڈ سلام خطاب کے حصول کے لئے سرگرداں جوکووچ اپنے کیریئر کے 38 ویں گرانڈ سلام سیمی فائنل میں پہنچے ہیں ۔ یہ رولینڈ گیرو پر ان کی73 ویں کامیابی ہے ۔ یہاں رافیل نڈال سب سے زیادہ فتوحات کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔ وہ اب تک 98 فتوحات حاصل کر چکے ہیں ۔اس کے ساتھ ہی فرنچ اوپن میں مینز سنگلز سیمی فائنل کی لائین اپ مکمل ہو گئی ہے ۔ جوکووچ کا مقابلہ پانچویں سیڈ یونان کے اسٹیفانوس ستسیپاس سے ہوگا جبکہ کلے کورٹ کے بادشاہ کہلائے جانے والے رافیل نڈال کا مقابلہ بارہویں سیڈ ارجنٹینا کے ڈیاگو شوارٹزمین سے ہوگا جنہوں نے یوایس اوپن چمپئین ڈومنیک تھیم کو شکست دی ہے۔
دوسری جانب دو مرتبہ کی ومبلڈن چمپئن پیٹرا کویٹووا نے اپنی غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے لورا سیگمنڈ کو راست سٹوں میں شکست دے کر دوسری مرتبہ فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ۔کویٹووا نے عالمی نمبر66 لورا کو 6-3، 6-3 سے شکست دی۔ اب ان کا مقابلہ آسٹریلیائی اوپن چمپئن صوفیہ کینن سے ہوگا جنہوں نے کوارٹر فائنل میں ساتھی امریکی کھلاڑی ڈینیئل کولنس کو 6۔4 ، 4-6 ،6-0 سے شکست دی۔تیسری سیڈ الینا سویٹلینا کو شکست دینے کے بعد اوپن ایرا میں فرنچ اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی کوالیفائر بننے والی ارجنٹینا کی نادیہ پوڈوروسکا کا مقابلہ پولینڈ کی 19 سالہ انگا سویٹیک سے ہوگا۔