واشنگٹن۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ جی 7 چوٹی کانفرنس کے دوران عالمی قائدین کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر ، یورپ کو روسی گیس کی فراہمی اور وینزویلا سمیت کئی اہم مسائل پر گفتگو کریں گے ۔فرانس میں 24 تا26 اگست کے درمیان جی7 چوٹی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے ۔امریکی انتظامیہ کے سینئر عہدیدار نے نے کہا کہ ٹرمپ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی، جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل، فرانس کے صدر امانوئل میکرون ، برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن، جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے اورکینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے ۔
ٹرمپ جی7کے اجلاس میں کشمیر پر کشیدگی کو کم کرنے کے لئے مودی کی منصوبہ بندی کے متعلق سننا چاہتے ہیں ۔ دونوں لیڈر تجارت کے معاملات پر بھی بات چیت کریں گے ،کیونکہ امریکہ ہندوستان کو امریکی اشیاءاور خدمات کے لئے اپنا بازار کھولنے کے لئے درآمدات فیس کم کرنا چاہتا ہے ۔
ٹرمپ اور مرکل کے درمیان جی7کانفرنس سے الگ روسی قدرتی گیس فراہمی پر یورپ کے انحصار پر بات چیت متوقع ہے ۔وہ (ٹرمپ اور مرکل) توانائی تحفظ اورروسی گیس ذرائع پر یورپی انحصار کو کم کرنے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے ۔ مسٹر ٹرمپ اور جانسن برطانیہ کے یورپی یونین سے باہر نکلنے اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت پر بھی بات چیت کا امکان ہے ۔ ٹرمپ اور ٹروڈو کے درمیان وینزویلا کے صدر نکولس مادرو کی حکومت پر بڑھتے دباؤاور ہانگ کانگ کی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے ۔ آئندہ جی 7 چوٹی کانفرنس کے دوران عالمی لیڈر روس کو جی8 میں دوبارہ لانے کے لئے بات کر سکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس نیشنل اکنامک کونسل کے ڈائریکٹر لیری کڈلو نے کہا کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست کے بعد جی7 سمٹ میں معیشت اور تجارت کے سلسلے میں سرکاری طور پر تبادلہ خیال کیا جا ئے گا ۔ کڈلو نے کہا صدر ٹرمپ کی درخواست کے بعد سمٹ میں معیشت اور تجارت پر ایک سیشن کیا جائے گا ۔ ٹرمپ کی درخواست سے پہلے اگرچہ یہ مسائل شامل نہیں تھے ۔ اب سرکاری طور پر معیشت اور تجارت کے سلسلے میں ہفتہ کو سیشن کا انعقاد کیا جائے گا ۔ یورپ میں بھی اقتصادیات نازک ہے ، جاپان اور چین کی معیشت بھی کمزور ہوئی ہے ۔ ہمیں لگتا ہے کہ اب اقتصادی ترقی، خوشحالی کو فروغ دینے اور تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنے نیز کرنسیوں کو مستحکم کرنے کے طریقوں کے لئے ہمیں ساتھی ممالک کے ساتھ گفت وشنید کرنی چاہئے ۔ واضح ر ہے کہ جی7کی سالانہ سمٹ 24 تا 26 اگست فرانس کے بیارتیز شہر میں منعقد ہو رہی ہے ۔