ریاض: ۔سعودی عرب کے ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے حرم مکی میں کمپیوٹرائزڈ تھرمل کیمروں کا افتتاح کر دیا ہے۔افتتاح کے بعد شیخ السدیس نے حاضرین سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرم مکی میں کام کرنے والے تمام افراد کے لیے لازم ہے کہ وہ حرم میں داخل ہونے سے قبل تھرمل کیمروں کی اسکرننگ سے گزریں۔
اگر کسی کا درجہ حرارت بڑھا ہوا ہے تو اسے حرم مکی آنے کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ وہ مزید چیک اپ کےلیے متعلقہ ادار ے سے رجوع کرے۔تفصیلات کے مطابق ادارہ امور حرمین کے نگران شیخ السدیس نے مزید کہا کسی کو موجودہ حالات کے حوالے سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد مملکت ذاتی طور پر حرمین آنے والوں کی صحت کے امور کے حوالےسے مسلسل نگرانی کرتے ہیں اور وہ تمام معاملات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا مجھے مکمل یقین ہے اور اس بات کا یقین دلانا چاہتا ہوں کہ رب کریم جلد ہی ملت کوغم کی ان گھڑیوں سے نجات دلادیں گے اور حرمین شریفین میں طواف و سعی اور روضہ شریفﷺ میں اسی طرح نماز باجماعت کی ادائیگی شروع ہوجائے گی اور حالات حسب سابق جلد ہی معمول پر آ جائیں گے۔شیخ السدیس نے مزید کہا ہمیں چاہئے کے موجودہ حالات میں احتیاطی اقدام سے نہ گھبرائیں جو اقدامات کیے جا رہے ہیں وہ سب کی حفاظت اورصحت و سلامتی کے لیے ہیں۔
واضح رہے اس سے قبل مسجد نبویﷺ میں بھی تھرمل ڈیجیٹل کیمروں کی تنصیب کی جا چکی ہے۔جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے بیک وقت 24 افراد کی اسکریننگ کی جا سکتی ہے۔حرمین شریفین میں کام کرنے والوں کی اسکریننگ کا مقصد حفاطتی اقدامات پر مکمل طور پر عمل کرنا ہے کیونکہ کوئی ایک بھی متاثرہ کارکن دوسروں کو متاثر کر سکتا ہے اس لیے احتیاطی اقدامات پر عمل کرنا ہر ایک پر لازم ہے۔