Tuesday, July 8, 2025
Homeتلنگانہحکومت طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہی ہے: وجے شانتی

حکومت طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہی ہے: وجے شانتی

- Advertisement -
- Advertisement -

 حیدرآباد۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کی تشہیری کمیٹی کی صدرنشین و سابق رکن پارلیمنٹ وجئے شانتی نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے جاری کردہ نتائج میں بدعنوانیوں پر مشکل صورتحال سے دوچار طلبہ کے مسائل کے سلسلہ میں غیر حساس ہونے پر چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو پر شدید تنقید کی۔کانگریس کی قیادت کی جانب سے اس مسئلہ پر ریاست گیر احتجاج کی اپیل پر وجئے شانتی نے ورنگل میں دھرنادیا۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج کے مسئلہ پر اظہار خیال کے لئے چیف منسٹر کو چھ دن لگے ۔ان بے قاعدگیوں کے نتیجہ میں 20سے زائد طلبہ نے خودکشی کرلی۔

پولیس نے وجئے شانتی اور ضلع کے دیگر کانگریسی لیڈروں کو گرفتار کرلیا جنہوں نے ایکاسیلا پارک سے قدیم کلکٹریٹ تک احتجاجی ریالی نکالی۔ پولیس کی جانب سے ان کو حراست میں لئے جانے کے بعد وجئے شانتی نے کلکٹر کو یادداشت حوالے کرنے کی ان کو اجازت نہ دیئے جانے پر حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ٹی آر ایس حکومت کی آمرانہ حکمرانی ظاہر ہوتی ہے ۔وجئے شانتی نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت نوجوان طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑکر رہی ہے ۔

سابق وزیر کونڈا سریکھا اور ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے صدر این راجندر ریڈی بھی گرفتارشدگان میں شامل تھے ۔پولیس کو کانگریس کے کارکنوں کی بڑی تعداد کو قابو کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جو ایکاسیلا پارک پر جمع ہوئے تھے ۔ان احتجاجیوں نے ٹی آرایس حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ وزیر تعلیم جگدیش ریڈی سے استعفی کامطالبہ کیا۔اسی دوران حیدرآباد میں بیشتر کانگریسی لیڈروں بشمول اے آئی سی سی سکریٹری و سابق رکن پارلیمنٹ ہنمنت راو جو حیدرآباد کلکٹریٹ کے روبرو احتجاج کررہے تھے کو بھی حراست میں لے لیاگیا۔

کانگریس کے لیڈروں نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمارریڈی کی اپیل پر تمام ضلع ہیڈکوارٹرس میں سرکاری دفاتر کے سامنے احتجاج کیا۔ریاستی سکریٹریٹ کی طرف جانے کی کوشش کرنے والے 50 سے زائد طلبہ اور ان کے لیڈروں کوگرفتار کرلیاگیا۔ بیشتربی جے وائی ایم کے کارکنوں نے شہر میں منسٹرس کوارٹرس کے قریب احتجاج کرنے کی کوشش کی جن کو گرفتارکرلیاگیا۔ چلچلاتی دھوپ کی پرواہ کئے بغیر ہزاروں طلبہ اور ان کے والدین نے دفتر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے روبرو احتجاج کیا اور ان سے انصاف کرنے کامطالبہ کیا۔