Sunday, April 20, 2025
Homesliderحکومت نے گنیش کی مورتیوں کے سائز پر کوئی پابندی عائد نہیں...

حکومت نے گنیش کی مورتیوں کے سائز پر کوئی پابندی عائد نہیں کی: سرینواس

- Advertisement -
- Advertisement -

  حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر افزائش مویشیاں، سمکیات و ڈیری ڈیولپمنٹ ٹی سرینواس یادو نے واضح کیا ہے کہ تلنگانہ حکومت نے گنیش کی مورتیوں کے سائز میں کسی بھی قسم کی کمی پر پابندی عائد نہیں کی ہے تاہم اس نے کوویڈ19وبا کے پیش نظر احتیاط سے کام لیا ہے۔انہوں نے بھاگیہ نگر گنیش اتسو سمیتی اور اعلی عہدیداروں کے نمائندوں کے ساتھ ہوئے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ کے سی آر زیرقیادت ریاستی حکومت تمام مذاہب کے تہواروں کا احترام کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ جاریہ سال کوویڈ19کی وبا کے پیش نظر اس تہوار کے سلسلہ میں مختلف امور پرتبادلہ خیال کیاگیااور سمیتی کے نمائندوں سے رائے حاصل کی گئی۔

وزیر موصوف نے اعلان کیا کہ آئندہ ہفتہ ایک اور اجلاس منعقد کیاجائے گا اور ضرورت پڑنے پر سلسلہ وار تین تا چاراجلاس منعقد کئے جائیں گے۔آج کے اجلاس میں تمام شرکا نے سماجی فاصلہ کو یقینی بنایا اور اپنی رائے کا اظہار کیا۔انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ وبا دنیا بھرمیں ہے اور کسی نے بھی اس طرح کی صورتحال کی توقع نہیں کی تھی۔دوسری طرف کوویڈ19کے معاملات حیدرآباد میں بڑھتے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے اس صورتحال کا احترام کرتے ہوئے کئی تہوار جیسے رام نومی، اگادی،رمضان،بقرعید،مہانکالی جاترا منائی اور ہمیں آنے والے تہواروں کو بھی اس کے پیش نظر صورتحال کا احترام کرتے ہوئے مناناچاہئے۔ہم کورونا کی وبا کے پیش نظر اس سال کس طرح یہ فیسٹول منائیں اس پر غور وخوض کررہے ہیں۔