Thursday, April 25, 2024
Homesliderحیدرآباد اور بنگلور میں دلچسپ ٹکراؤ متوقع

حیدرآباد اور بنگلور میں دلچسپ ٹکراؤ متوقع

- Advertisement -
- Advertisement -

چینائی۔ ٹورنمنٹ کا کامیاب آغاز کرنے کے بعد ویراٹ کوہلی کی زیر قیادت رائل چیلنجرس بنگلور کی کل نظر دو مرتبہ کی چیمپین سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے موقف کو مزید مستحکم کرنے پر ہوگی۔ آر سی بی نے ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلہ میں دفاعی چیمپین ممبئی انڈینس کے خلاف حوصلے بلند کرنے والی کامیابی حاصل کی ہے اور وہ اسی میدان پر حیدرآباد کے خلاف بھی ایک کامیابی حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہوگی جبکہ دوسری جانب حیدرآبادی ٹیم کو اپنے افتتاحی مقابلہ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے خلاف ناکامی برداشت کرنی پڑی تھی۔ پہلے مقابلے میں بہتر مظاہرہ کرنے کے بعد آر سی بی کے لئے اس کے انفام بیٹسمین دیودت پڈیکل کی کورونا سے صحت یابی کے بعد واپسی مزید خوش آئند خبر ہے۔

 پڈیکل نے کہا ہے کہ وہ کورونا سے مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں اور گھریلو ٹورنمنٹس میں شاندار اور ناقابل فراموش مظاہروں کے تسلسل کو آئی پی ایل میں بھی جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔ دریں اثناء اگر پڈیکل کل کے مقابلہ میں ٹیم کو کسی وجہ سے دستیاب نہیں ہو پاتے ہیں تو آر سی بی واشنگٹن سندر اور کپتان کوہلی کے ساتھ ہی اننگز کا آغاز کرسکتی ہے۔ آر سی بی کی جانب سے محمد اظہر الدین اور آسٹریلیائی لیگ اسپنر ایڈم زمپا کو بھی آزمایا جاسکتا ہے۔ کوہلی کے علاوہ ای بی ڈی ولیرس اور آسٹریلیائی آل راؤنڈر گلین میکس ویل ٹیم کے لئے کلیدی کھلاڑی ہوں گے۔ میکس ویل آر سی بی کے لباس میں اپنے پہلے مقابلے میں کافی بہتر مظاہرہ کیا ہے اور کئی مقابلوں کے بعد ان کی جانب سے لگائے جانے والے چھکے کا سوشل میڈیا پر خوب چرچہ ہوا ہے۔ کوہلی، ڈی ولیرس اور میکس ویل کے بعد آر سی بی کا بیٹنگ شعبہ کسی قدر کمزور دکھائی دیتا ہے لیکن ٹاپ آرڈر میں پڈیکل کی موجودگی اسے مستحکم بناتی ہے۔

 کرناٹک سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین 2020 کے ایونٹ میں کھیلے گئے اپنے 15 مقابلوں میں انہوں نے 473 رنز اسکور کئے اور اپنے آئی پی ایل کیریئر کے پہلے ہی ایونٹ میں 5 نصف سنچریاں بھی اسکور کی ہیں۔ پڈیکل نے گھریلو ٹورنمنٹ سید مشتاق علی ٹرافی کے 6 مقابلوں میں 43.63 کی اوسط سے 218 اور وجئے ہزارے ٹرافی کے 7 مقابلوں میں 737 رنز اسکور کئے ہیں۔ ممبئی انڈینس کے خلاف آر سی بی کے بولروں نے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ایک ہمالیائی اسکور سے باز رکھا جبکہ ہرشل پٹیل نے 27 رنز دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسری جانب سن رائزرس حیدرآباد کا جہاں تک تعلق ہے گزشتہ مقابلہ میں اس کے دونوں اوپنرس کا جلد آؤٹ ہونا تشویش کا باعث ہے۔ کے کے آر کے خلاف وردھمان ساہا اور ڈیویڈ وارنر ناکام ثابت ہوئے تھے لیکن آر سی بی کے خلاف وارنر کا مظاہرہ کافی بہترین ہے جیسا کہ وہ اس ٹیم کے خلاف 600 رنز کی تکمیل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

اننگز کے آغاز میں حیدرآباد کے لئے وارنر کے ساتھ جانی بیرسٹو بی دستیاب ہیں جنہوں نے کے کے آر کے خلاف مڈل آرڈر میں 44 گیندوں میں 61 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کے متعلق حیدرآباد کے ہیڈکوچ ٹریوورس بایلس نے کہا ہے کہ ان کی جلد واپسی ممکن نہیں لہذا چہارشنبہ کے میچ میں ولیمسن کی شمولیت کا امکان نا کے برابر ہے۔ بھونیشور کمار نے کے کے آر کے خلاف رنز دیئے ہیں لیکن تجربہ کار بولر کسی بھی لمحہ بہترین کو صلاحیت رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں رشید خان اور محمد نبی پر مشتمل افغانستانی جوڑی آر سی بی کے دھماکو بیٹسمینوں کو سستے میں نمٹانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ فاسٹ بولنگ میں یارکرس کے ماہر ٹی نٹراجن کی موجودگی بھی اہمیت کی حامل ہے۔ گزشتہ مقابلہ میں عبدالصمد نے بہتر مظاہرہ کیا تھا اور امید کی جارہی ہے کہ وہ کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں بھی اپنے اس فام کو برقرار رکھیں گے۔ ٹیم انتظامیہ یہ امید کررہی ہے کہ اگر عبدالصمد مڈل آرڈر میں بہتر مظاہروں کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو اس کی بیٹنگ میں مزید گہرائی پیدا ہو جائے گی اور نشانہ کا تعاقب آسان ہو جائے گا۔