حیدرآباد: راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ حیدرآباد ہندوستان کا ایسا پہلا ایرپورٹ بن گیا ہے جہاں بین الاقوامی پروازوں کیلئے ای بورڈنگ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ جی ایم آر گروپ کے بموجب یہ سہولت مسافروں کو روانگی اور اپنی منزل پر پہنچنے کے بعد دونوں جگہ دستیاب رہے گی۔ جی ایم آر گروپ کے مطابق حیدرآباد ایر پورٹ کو تمام ڈومیسٹک مسافرین کیلئے ای ۔ بورڈنگ سہولت متعارف کرنے کا پہلے ہی اعزاز حاصل ہے۔
مرکزی حکومت کی ڈیجیٹل انڈیا مہم کے تحت حیدرآباد ایرپورٹ سے بین الاقوامی سفر کرنے والوں کیلئے یہ سہولت متعارف کرنے کا فیصلہ کیاگیا تاکہ کورونا کے اس بحران کے دوران مسافرین کے محفوظ سفر یقینی بنایا جاسکے۔قبل ازیں یہ سہولت انڈیگو ایر لائنس کے مخصوص بین الاقوامی پروازوں میں دستیاب تھی۔ کمپنی کے بموجب حکومت کی اجازت کے حصول کے بعد ای ۔ بورڈنگ خدمات کا آغاز کیا جارہا ہے۔ انڈیگو ایر لائنس نے اس سہولت کا 2 اکٹوبر کو آغاز کیا تھا جب حیدرآباد سے شارجہ روانہ ہونے والے مسافرین نے ای بورڈنگ کی سہولت سے استفادہ کیا تھا۔ دیگر بین الاقوامی پروازیں جو حیدرآباد سے روانہ ہوتی ہیں ان میں عنقریب یہ سہولت متعارف کی جائے گی۔ جی ایم آر حیدرآباد انٹر نیشنل ایر پورٹ لمیٹیڈ کے سی ای او پردیپ پانیکر نے کہا ہے کہ کورونا وباءکی وجہ سے ای ۔ بورڈنگ کی سہولت مسافرین کیلئے روانگی میں مزید آسانی پیدا کرے گی اور انہیں وبا سے محفوظ رہنے میں مزید تعاون کرے گی۔