Wednesday, April 23, 2025
Homeتازہ ترین خبریںحیدرآباد سن رائزرس خطاب کی مضبوط دعویداروں میں شامل متوازن ٹیم

حیدرآباد سن رائزرس خطاب کی مضبوط دعویداروں میں شامل متوازن ٹیم

- Advertisement -
- Advertisement -

آئی پی ایل 2019ءکا ہفتہ کو آغاز ہورہا ہے اور اس سال ایک جانب مہندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپرکنگس اپنے خطاب کا دفاع کرے گی تو دوسری جانب 2018ءمیں فائنل کھیلنے والی سن رائزس حیدرآباد کی ٹیم بھی اس مرتبہ خطاب کے مضبوط دعویداروں میں شامل ہے۔ حیدرآبادی ٹیم کیلئے خوشخبری یہ ہیکہ اس کے کامیاب ترین کپتان اورجارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر کی واپسی ہوئی ہے کیونکہ گذشتہ برس وہ جنوبی افریقہ کے دورہ پر میزبان ٹیم کے خلاف بال ٹمپرنگ کی پاداش میں پابندی کا شکار تھے اور آئی پی ایل بھی نہیں کھیل پائے تھے۔

حیدرآبادی ٹیم کئی اعتبار سے متوازن دکھائی دے رہی ہے کیونکہ جہاں ایک جانب ڈیوڈ وارنر کی واپسی ہوئی ہے وہیں اس سیزن کے لئے چند ایسے کھلاڑی بھی ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں جوکہ نہ صرف ٹیم کو متوازن بناتے ہیں بلکہ تنہا اپنی کارکردگی سے ٹیم کو کامیابی بھی دلوا سکتے ہیں۔ حیدرآبادی ٹیم کی بیٹنگ کا تذکرہ کیا جائے تو ایک عرصہ تک اننگز کا آغاز وارنر کے ساتھ شکھردھون کرتے آئے ہیں لیکن اس مرتبہ دھون حیدرآبادی ٹیم کا حصہ نہیں ہے لیکن ان کے مقام پر نیوزی لینڈ کے جارحانہ اوپنرمارٹن گپٹل اننگز کا آغاز کرسکتے ہیں۔

حیدرآبادی ٹیم کیلئے چاربیرونی کھلاڑیوں کے انتخاب میں پہلی پسند کون ہوں گے ؟ یہ اہم سوال ہے لیکن امکانات ایسے نظر آرہے ہیں کہ ڈیوڈ وارنر اورمارٹن گپٹل کے ساتھ افغانستان کے بولر راشد خان کے ہمراہ کپتان کین ولیمسن پہلی ترجیح ہوں گے لیکن ولیمسن کی پہلے مقابلہ میں شرکت ہنوز غیریقینی ہے کیونکہ وہ کاندھے کی تکلیف میں مبتلاءہیں۔ ان کے علاوہ انگلینڈ کے وکٹ کیپر جانی بیرسٹو کے ساتھ شکیب الحسن بھی سرفہرست بیرونی کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

بولنگ شعبہ کا تذکرہ کیا جائے تو فاسٹ بولنگ کی قیادت بھونیشورکمار کریں گے جن کے ساتھ وجئے شنکر جو پہلی مرتبہ حیدرآباد کی نمائندگی کریں گے، اہم بولر ثابت ہوسکتے ہیں۔ وجئے شنکر نے آسٹریلیا کے خلاف حالیہ اختتام پذیر ونڈے سیریز میں غیرمتوقع اور شاندار مظاہرے کرتے ہوئے اپنی اہمیت کو ثابت کیا ہے۔ حیدرآباد کیلئے بولنگ شعبہ میں اس مرتبہ کیرالا کے 25 سالہ نوجوان فاسٹ بولر باسل تھمپی بھی توجہ کا مرکز ہوں گے کیونکہ انہیں ہندوستان کیلئے مستقبل کا فاسٹ بولر تصور کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ خلیل احمد بھی ٹیم کے بولنگ شعبہ کو تقویت دیں گے جنھیں بین الاقوامی کرکٹ کا بھی تجربہ ہے ۔

اسپن بولنگ شعبہ کا تذکرہ کیا جائے تو اس مرتبہ حیدرآبادی ٹیم نے شہباز ندیم کو بھی حاصل کیا ہے جو کہ یوسف پٹھان کے ساتھ درمیانی اوورس کی ذمہ داری نبھا سکتے ہیں۔ حیدرآبادی ٹیم کیلئے آئی پی ایل2019ءکے ابتدائی چند مقابلے اہمیت کے حامل ہوں گے کیونکہ وارنر ایک سال کی واپسی کے بعد مسابقتی کرکٹ کھیلیں گے اور ان کا فارم میں آنا ٹیم کیلئے ضروری ہوگا۔ دوسری جانب جو نئے کھلاڑی ٹیم کا حصہ بنے ہیں ان کی ہم آہنگی کے ساتھ میڈل آرڈر میں یوسف پٹھان اور شکیب الحسن کو بہتر مظاہرہ بھی کرنا ہوگا کیونکہ گذشتہ سیزن یہ دو اہم کھلاڑی اپنے معیار کے مطابق مظاہرے نہیںکر پائے تھے۔ حیدرآبادی شائقین یہی امید کررہے ہیں کہ 2018ءمیں جہاں وارنر کے بغیر ٹیم نے ولیمسن کی قیادت میں فائنل کھیلا تھا وہ اس مرتبہ وارنر کی آمد کے ساتھ ایک قدم مزید آگے بڑھتے ہوئے تیسری مرتبہ آئی پی ایل کا خطاب اپنے نام کرے کیونکہ2009 میں آڈم گلکرسٹ اور2017 میں ڈیوڈ وارنر حیدرآبادی ٹیم کو آئی پی ایل چمپئن بنا چکے ہیں۔