حیدرآباد ۔ معروف ایرلائنس انڈیگو نے خلیجی ممالک کیلئے حیدرآباد سے راست پرواز میں مزید ایک اضافہ کیا ہے جس کے ذریعہ اب حیدرآباد سے دوحہ راست پروازوں میں اضافہ ہوگا۔ انڈیگو اس وقت ہندوستان سے خلیجی ممالک کے 7 شہروں جس میں دوبئی، ابوظہبی، شارجہ، کویت، مسقط، جدہ اور دوحہ شامل ہے اس میں 16 ستمبر 2019ءسے مزید اضافہ ہوگا کیونکہ اب حیدرآباد سے دوحہ راست پرواز میں مزید ایک اضافہ ہوا ہے جس کیلئے ٹکٹوں کی بکنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔
انڈیگو کے چیف کمرشیل آفیسر مسٹر ولیم بولٹر نے میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہیکہ ہم نے حیدرآباد تا دوحہ کے راستہ پر دوسری فلائیٹ شروع کردی ہے کیونکہ جنوبی ہندوستان سے خلیجی ممالک روانہ ہونے والے مسافرین کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے کیونکہ حیدرآباد سے دوحہ جانے والے افراد صرف تجارت یا ملازمتوں کے مسافرین ہی نہیں ہوتے بلکہ سیاحوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔
حیدرآباد سے دوحہ اب روزانہ راست پرواز کا انتظام ہوچکا ہے جیسا کہ اب 16 ستمبر کو حیدرآباد سے دوحہ اور پھر 17 ستمبر کو دوحہ سے حیدرآباد کی پرواز بھی مقرر کردی گئی ہے۔ حیدرآباد سے دوحہ پرواز کرنے والی دوسری فلائیٹ کو عصری ڈیزائن اور سہولیات سے لیس کیا گیا ہے جس میں بزنس اور لیژر مسافرین کیلئے تمام تر سہولیات دستیاب ہیں۔ کمپنی کے بموجب ان پروازوں کو علی الصبح روانہ کرنے کا مقصد یہ بھی ہیکہ جو افراد تاجر اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کی وجہ سے حیدرآباد یا دوحہ کا رخ کرتے ہیں انہیں منزل مقصود پر پہنچنے کے بعد دفتری امور کی انجام دہی کیلئے مکمل دن دستیاب ہوسکے۔