Thursday, April 24, 2025
Homeٹرینڈنگحیدرآباد میٹرو ریل کی چھتیں بھی ٹپکنے لگی

حیدرآباد میٹرو ریل کی چھتیں بھی ٹپکنے لگی

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ گذشتہ دو ہفتوں سے جاری آر ٹی سی بسوں کی ہڑتال اور آج کیابس کے علاوہ آٹوز کے بند ہونے کی وجہ سے جہاں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہیں ان حالات میں عوامی حمل و نقل کا واحد راستہ حیدرآباد میٹرو ریل ہے لیکن تکنیکی خامیوں کی وجہ سے چند ایک مسائل کے واقعات رونما ہوئے لیکن حالیہ جو واقعہ میٹرو ریل کے ساتھ رونما ہوا ہے اس نے اس کے بہترین اور اعلیٰ معیاری ہونے پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے کیونکہ موسم برسات میں خستہ حال مکانات کے چھت ہی ٹپکنے کی خبریں آتی تھی لیکن تازہ ترین خبر میں میٹرو ریل کے چھت ٹپکنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

تکنیکی مسائل سے پہلے ہی دوچار حیدرآباد میٹرو ریل کو اب شہر کے موسم کی وجہ سے دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گذشتہ ایک ہفتہ سے شہر حیدرآباد کا موسم جس طرح ہے اس سے ہوا میں رطوبت اور نمی 80 سے 90 فیصد موجود ہے اور اسی کو میٹرو ریل کی چھت ٹپکنے کی اہم وجہ بتایا جارہا ہے۔ میٹرو ریل کی چھتوں سے پانی ٹپکنے کی وجہ سے مسافرین کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

خاص کر میاں پور تا ناگول جانے والے مسافروں نے اے سی کی حامل ریل کے چھتوں کے ٹپکنے کی شکایت کی ہے۔ مسافرین نے مزید کہا ہیکہ چھتوں سے پانی ٹپکنے کی وجہ سے نہ صرف دفتر روانگی کے وقت پہنے جانے والے بہتر کپڑے بلکہ موبائیل اور دیگر الیکٹرانک آلات کو بھی نقصان ہوا ہے کیونکہ کسی نے یہ گمان نہیں کیا تھا کہ اعلیٰ معیار کی تصور کی جانے والی حیدرآباد میٹرو ریلس میں اس طرح کا مسئلہ درپیش ہوگا۔ میٹرو ریل کے خاص کر اے سی یونٹ سے پانی ٹپکنے کی شکایت زیادہ موصول ہورہی ہے کیونکہ یہاں پہلے ہی شہر کا موسم ٹھنڈا ہے وہیں اے سی کی ٹھنڈک کی وجہ سے ٹرین کے چھت ٹپکنے شروع ہوچکے ہیں۔

 میٹرو ریل کے اس منفرد مسئلہ کی تشہیر کیلئے مسافرین نے سوشل میڈیا جس میں خاص کر ٹوئیٹر پر ویڈیوز شائع کردی ہیں۔ تاحال کم از کم 5 آن لائن درخواستیں داخل کی گئی ہے جس میں مسافرین نے میٹرو ریل کی چھتیں ٹپکنے کی شکایت ارباب مجاز سے کی ہیں۔ دریں اثناءحکام نے بھی اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے اور عوام کی شکایات موصول کرنے کیلئے ہیلپ لائن بھی جاری کی ہے۔