حیدرآباد۔ حیدرآباد کے ساتھ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں اگلے تین دنوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔ جنوب مغربی مانسون ایک بار پھر ریاست پر فعال ہونے کے بعد تلنگانہ میں تیز سے متوسط بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے حیدرآباد کے لیے زرد انتباہ اور نرمل ، جگتیال ، سرسیلا ، کماریڈی ، سنگاریڈی ، رنگاریڈی ، محبوب آباد ، میدک اور کھمم اضلاع کے لیے اورنج انتباہ جاری کیا ہے۔
حیدرآباد کے لیے زرد انتباہ شہر میں 7.5 سے 15 ملی میٹر تک موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کرتا ہے۔ ایک ہی وقت میں زرد اورنج انتباہ کا مطلب ہے بھاری سے انتہائی موسلا دھار بارش اور ان میں سے کچھ اضلاع میں 15 ملی میٹر سے 33 ملی میٹر تک بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ دریں اثنا ء حیدرآباد میں جمعرات کو چند مقامات پر شدید بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوارہوا ہے لیکن بعض نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے ۔
شہر کے کچھ حصوں میں دن کے اوقات میں ہلکی بوندا باندی دیکھی گئی جبکہ گولکنڈہ کے آس پاس کے علاقوں میں 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو کہ شہر میں سب سے زیادہ بارش کاریکارڈ رہا ۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر نے اس مانسون سیزن میں ماہ اگست میں نسبتا زیادہ خشک سالی کا تجربہ کیا ہےتاہم محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی مانسون ایک بار پھر تلنگانہ پر سرگرم ہے۔ حیدرآباد کے آس پاس کے کئی اضلاع میں بھی مسلسل بارش ہو رہی ہے جبکہ جمعرات کو جگتیال کے سری کنڈا میں سب سے زیادہ 83.5 ملی میٹر بارش ہوئی جوکہ ریاست میں تاحال سب سے زیادہ بارش کا ریکارڈ ہے ۔