حیدرآباد ۔شہر حیدرآباد ایک تاریخی شہر ہے اور یہاں کے پکوان ساری دنیا میں مشہور ہیں ۔ اس کے علاوہ حیدرآبادی عوام اور لذیذ کھانوں کا رشتہ چولی دامن جیساہے اور اب تو آئے دنوں یہاں کئی ایک فوڈ فیسٹول کا انعقاد ہماری تہذیب کا ایک حصہ بن چکا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اب اپریل میں حیدرآبادی عوام کو مستند اور لذیذ افغانستانی پکوانوں کا مزہ چکھنے کا موقع ملے گا۔
اسلامی جمہوریہ افغانستان کے قونصل جنرل سلیمان کاکڑ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپریل کے پہلے ہفتے میں شہر میں ایک فوڈ اینڈ کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کریں گے۔ کاکڑ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ دو معروف خواتین شیف حیدرآباد آئیں گی جو فوڈ فیسٹیول کی اسٹارز ہوں گی۔ ثقافتی میلے کے ایک حصے کے طور پر افغانستان کے ہینڈلوم ، دستکاری ، فیشن اور فنون لطیفہ نمائش میں پیش ہوں گے۔ گذشتہ سال جنوری میں افغانستان نے حیدرآباد میں اپنے قونصل خانہ کا افتتاح کیا تھا۔ تاہم وبائی مرض اور اس کے نتیجے میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے قونصل جنرل نے زیادہ سرگرمی نہیں کی۔
قونصل جنرل نے کہا کہ ریاست اور اس کا دارالحکومت حیدرآباد افغانستان ۔ ہندوستان دوطرفہ تعلقات ، خصوصا ًسیاست ، اقتصادیات اور ثقافت کے شعبوں میں ترقی کے لئے اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور تلنگانہ کے مابین تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ ہندوستان میں تعلیم حاصل کرنے والے افغانستان سے آنے والے طلباء وطن واپسی کے بعد ایک بار پھر ملک کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔کاکڑ نے کہا کہ جنوبی ہندوستان میں 900 سے زیادہ طلباء ہیں جن میں 200 سے زیادہ طلبا تلنگانہ میں زیر تعلیم ہیں۔ اس سال ریاست میں مزید 48 طلباء کی آمد متوقع ہے۔