Thursday, March 28, 2024
Homesliderحیدرآباد میں ماہ رمضان کا شاندار ،ذوق و شوق کے ساتھ استقبال

حیدرآباد میں ماہ رمضان کا شاندار ،ذوق و شوق کے ساتھ استقبال

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ برصغیر ہندوستان اور پاکستان میں رمضان المبارک 2021 کا چاند نظر آگیا جس کے ساتھ ہی شہروں ، دیہاتوں میں ماہ مبارک کی رونق اور جوش و ذوق عروج پر دیکھائی دینے لگے ہیں ۔ ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کا رمضان اپنی رونقوں اور خاص انداز کےلئے ساری دنیا میں مشہور ہے اور چاند رات  کی نماز مغرب  کی تکمیل کے ساتھ ہی حیدرآباد کی مساجد ، گلی محلوں اور بازاروں میں عوام ایک دوسرے کو مبارک باد دیتے ہوئے نظر آئے ۔

گزشتہ برس کورونا بحران اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے مساجد میں صرف 5 افراد کو عبادات کی اجازت تھی جبکہ چارمینار کے دامن میں موجود تاریخی مکہ مسجد کے دروازے تو عبادات کےلئے بھی  بند  تھے لیکن اس مرتبہ ایسی کوئی پابندی نہ ہونے کی وجہ سے حیدرآبادی عوام میں خوشی کا ماحول دیکھا گیا ہے ۔ریاست تلنگانہ میں فی الحال حالات بہتر ہیں اور کسی بھی طرح کی کوئی پابندی نہیں ہے ۔حیدرآباد میں عوام نے رمضان کا جوش وخروش کے ساتھ استقبال کیا ہے اور جیسے ہی مغرب کی نماز مکمل ہوئی سوشل میڈیا پر مبارک بادیوں کا ایک طوفان امڈپڑا ہے اور لوگ ایک دوسرے کو مبارک بادیا ں دینے، نظام الاوقات کے کارڈز شیئر کرنے  کےعلاوہ  شہر کی مشہور اور محلوں کے مساجد میں نماز تراویح میں سوا، دیڑھ، دو،تین ، پانچ  اور دس پاروں کے ضمن میں تفصیلات فراہم کرنے کےلئے علاوہ معلومات بھی حاصل کرنے میں مصروف دیکھے گئے ہیں ۔

تلنگانہ میں کورونا کے روزآنہ بڑھتے معاملات کی وجہ سے عوام اور حفاظ میں ایک قسم کی بے چینی بھی پائی جاتی ہے کیونکہ ایسے شبہات اور خدشات ظاہر کئے جارہے کہ شاید ناگر جناساگر انتخابات کے بعد چیف منسٹر کے سی آر ریاست میں یا ان مقامات پر جہاں کورونا کے زیادہ معاملات درج ہورہے ہیں وہاں رات کا کرفیو نافذ کردیں گے ، لہذا کئی حفاظ نماز تروایح میں قرآن کریم کی جلد از جلد تکمیل کے خواہاں ہیں ۔اطلاعات یہ بھی موصول ہوئی ہے کورونا سے قبل جن مساجد میں دیڑھ یا دو پاروں کا نظم ہوا کرتا تھا وہاں تین اور 5 پاروں کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ اگر رمضان کے دوران رات کا کرفیو نافذ بھی ہوجائے تو پابندیوں سے قبل ہی زیادہ سے زیادہ قرآن حکیم کی تکمیل ہوجائے ۔علاوہ ازیں جہاں گزشتہ برس عوام رمضان کے جوش و خروش سے محروم ہوگئے تھے انہوں نے اس مرتبہ رمضان کا پورے جوش کے ساتھ اسقتبال کیا ہے اور چارمینار کے دامن کے علاوہ شہر کی بیشتر مساجد اورہوٹلوں کو برقی قمقموں سے سجادیا گیاہے تاکہ گزشتہ برس کی مایوسی کو اس مرتبہ پورے جوش کے ساتھ بھلادیا جائے ۔