Monday, April 21, 2025
Homesliderحیدرآباد میں کورونا قواعد کی خلاف ورزی اورعدم کارروائی پر ہائی کورٹ...

حیدرآباد میں کورونا قواعد کی خلاف ورزی اورعدم کارروائی پر ہائی کورٹ کی برہمی

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جارہے اقدامات پر ہائی کورٹ نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے خصوصی طور پر کوروناکی صورتحال پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ایک سے زائد مرتبہ حکومت پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ایک مرحلہ پر انتباہ بھی دیا کہ اگر حکومت کے رویہ میں تبدیلی نہیں آئے گی تو توہین عدالت کی نوٹس جاری کی جائے گی۔ عدالت نے ریاست میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بجائے معاملات کی تعداد کم ظاہر کرنے پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ ٹسٹوں کی تعداد میں کمی کے ذریعہ معاملات کی تعداد کو کم ظاہر کیا جارہا ہے۔

عدالت نے حکومت کو دوپہر ڈھائی بجے تک کا وقت دیا تھا اور ایڈوکیٹ جنرل کو ہدایت دی تھی کہ وہ حکومت کے فیصلہ سے واقف کروائے کہ آیا ریاست میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا یا نہیں۔ عدالت کی مہلت کے بعد تلنگانہ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 10 روزہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا جس کا نفاذ چہارشنبہ 12 مئی سے ہوگا۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے تلنگانہ کے چیف سکریٹری سومیش کمار کے رویہ پر بھی برہمی کا اظہار کیا اورکہا کہ ایسے وقت جبکہ عدالت میں کورونا معاملہ کی سماعت جاری تھی سومیش کمار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کورونا کی صورتحال کو قابو میں اور لاک ڈاؤن کی ضرورت سے انکار کیا تھا۔

 عدالت نے واضح کیا کہ اگر حکومت کوئی فیصلہ نہیں کرتی ہے تو پھر عدالت کو احکامات جاری کرنے پڑیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ ہم لاک ڈاؤن کی ضرورت پر غور کررہے تھے چیف سکریٹری کی جانب سے اس طرح کا بیان مناسب نہیں ہے۔ عدالت نے کہا کہ کیا لاک ڈاؤن کے نفاذ کیلئے حکومت کو رمضان المبارک کے اختتام کا انتظار ہے۔ڈیویژن بنچ نے ریمارک کیا کہ پرانے شہر کے علاقوں میں عوام سڑک پر بے ہنگم ہجوم کی شکل میں گھوم رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی۔ چیف جسٹس نے کورونا ٹسٹوں میں کمی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو توہین عدالت نوٹس جاری کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ پرانے شہر میں کوویڈ قواعد پر کوئی عمل آوری نہیں ہورہی ہے۔