بیجنگ ۔ ایسا مانا جاتا ہے کہ جو امراض زمانہ قدیم میں تھے ان کا علاج دریافت کرلیا گیا ہے اور شاید اسی وجہ سے ماضی قدیم کی بیماریاں اب موجود نہیں لیکن اب تازہ ترین خبر نے عوام کو پریشان کردیا ہے کیونکہ چین میں ایک ایسی بیماری کا انکشاف ہوا ہے جوکہ 700 برس قبل ہوا کرتی تھی ۔
دنیا بھر میں 700 سال قبل سیاہ طاعون کی وباءجسے سیاہ موت بھی قرار دیا جاتا تھا، اس بیماری کی وجہ سے 20 کروڑ افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ یہ ہولناک بیماری ایک مرتبہ دوبارہ دنیا میں آ گئی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرزکے مطابق بیماری نے 1346ءسے 1353 تک یورپ اور ایشیا کے ممالک کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا تھا اور اب دوبارہ چین میں نمودار ہوگئی ہے جہاں اب تک دو افراد میں اسکی تصدیق ہو چکی ہے۔
چینی نیوز ایجنسی ژنہوا کی رپورٹ کے مطابق دونوں مریضوں کا تعلق چین کے علاقے منگولیا سے ہے اور مقامی حکام نے کہا ہے کہ مریضوں کا مناسب علاج کیا جا رہا ہے۔ بیجنگ میونسپل ہیلتھ کمیشن نے کہا ہے کہ ایک مریض کی حالت اس وقت مستحکم ہے جبکہ دوسرا تاحال تشویشناک حالت میں ہے۔ ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ یہ بیماری مریض کے پھیپھڑوں پر حملہ کرتی ہے اور مریض کی سانس سے متاثر ہوتا ہے، اس کے استعمال شدہ کپڑوں اور دیگر اشیاءکے ذریعے دیگر لوگوں تک پھیل سکتی ہے۔ اگر اس کی بروقت تشخیص نہ ہو تو موت صد فیصد یقینی ہوتی ہے۔