مہوبا (اتر پردیش):بندیل کھنڈ کوعلیحدہ ریاست بنانے کی مانگ کو لیکر گزشتہ کئی روز سے بھوک ہڑتال کر رہے بندیلی سماج کے کنوینر تارا پاٹکر نے چہارشنبہ کو،اپنے ساتھیوں کے ساتھ،وزیر آعظم نریندر مودی کو خون سے خط لکھ کر جنم دن کی مبارکباد دی۔
اس دوران تارا پاٹکر نے کہا کہ ”بی جے پی ہمیشہ چھوٹی ریاستوں کے حق میں رہی ہے۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو سابق وزیر آعظم اٹل بہاری واجپائی ایک ساتھ تین تین ریاستوں کی تشکیل عمل میں نہ لاتے۔انہوں نے کہا کہ ’بندیل کھنڈ کو بار بار دھوکہ دیا گیا ہے۔ہماری زبان،ہماری ثقافت اور تاریخی ورثے کا مسلسل گلا گھونٹ دیا جا رہا ہے۔لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ بندیل کھنڈ کو ایک علیحدہ ریاست بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بندیل کھنڈ کو صرف کان کنی کے نام پر لوٹا جا رہا ہے۔اب ہم اسے مزید برداشت نہیں کرسکتے۔آپ ہمارے جذبات کا احترام کریں اور جلد سے جلد بندیل کھنڈ ریاست کا اعلان کریں۔پاٹکر کے ساتھ،بندیل کھنڈ کرانتی دل کے ضلعی صدر دپیندر سنگھ پرہار،ہری اوم نشد،خورشید عالم نے وزیر آعظم کو خون سے خط لکھا اور انہیں جنم دن کی مبارکباد دی۔