اماراواتی: اے پی کے وشاکھاپٹنم میں گذشتہ روز پیش آئے کرین حادثہ میں ہلاک داماد کی لاش کو دیکھنے کے لئے جانے والا خاندان حادثہ کا شکار ہوگیا جس میں اس خاندان کے دو افراد اور کار ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب سریکاکلم ضلع کی جالنترکوٹہ قومی شاہراہ پر ٹہری ہوئی لاری کو ان کی کار نے ٹکر دے دی۔
اس حادثہ میں تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔مغربی بنگال کے کھڑک پور کی رہنے والی 48سالہ ناگامنی،اپنے بیٹے راج شیکھر،ایشورراو،دوبہووں پیتلی،لاونیا کے ساتھ ہندوستان شپ یارڈ میں ہوئے کرین حادثہ میں ہلاک اپنے داماد پی بھاسکر راو کی لاش کے آخری دیدار کے لئے کار کے ذریعہ وشاکھاپٹنم روانہ ہوئی۔
اسی دوران سریکاکلم ضلع کی قومی شاہراہ پر ان کی کار کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھودیاجس کے نتیجہ میں یہ کار قومی شاہراہ پر ٹہری ہوئی کار سے ٹکراگئی۔حادثہ اتنا شدید تھاکہ ناگامنی،لاونیا اور ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ مقامی افراد نے زخمیوں کو علاج کے لئے سوم پیٹ کے سرکاری اسپتال پہنچایا۔راج شیکھراور پیتلی معمولی زخمی ہوئے جبکہ ایشور راوکی حالت نازک ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا اور کرین کی مدد سے کار کو مقام حادثہ سے ہٹایا۔