دبئی: کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا لاک ڈاؤن سے گذرہی ہے اور کچھ شعبوں میں خدمات گھر سے انجام دی جارہی اور ورک فرم ہوم کا بول بالا ہے اور اس معاملے میں دبئی کو اولیت حاصل ہے۔دبئی محکمہ افرادی قوت نے کہا ہے کہ ریاست کے 80 فیصد سرکاری ملازم آن لائن ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ریاست کے سرکاری 82 ادارے اپنے ملازمین سے آن لائن کام کروا رہے ہیں اور نئے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے مقرر احتیاطی اقدامات پر صد فیصد عمل کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ افرادی قوت کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ علی الزاید الفلاسی نے کہاکہ دبئی کے سرکاری ملازم فرض شناس ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے آن لائن ڈیوٹی پروگرام کا فیصلہ ہوتے ہی گھروں سے کام باقاعدگی سے شروع کردیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ سرکاری ملازمین اپنی کارکردگی کی باقاعدہ رپورٹ بھی پابندی سے دے رہے ہیں۔الفلاسی نے کہا کہ دبئی کے سرکاری ملازمین نے ثابت کردیا کہ وہ آن لائن ڈیوٹی سسٹم کے اہل ہیں۔ ان کی بدولت دبئی کو 2020 کے دوران آن لائن ڈیوٹی دینے والے دنیا کے بہترین شہروں میں دوسرا مقام مل گیا۔اس کا اعلان امریکی میگزین (سی ای او ڈبلیو اوآر ایل ڈی)نے اپنی نئی رپورٹ میں کیا ہے۔پہلے نمبر پر اس حوالے سے سان فرانسسکو شہر ہے۔