Wednesday, April 23, 2025
Homeٹرینڈنگدوحادثات میں ایک کھلاڑی کی موت اور ایک زخمی

دوحادثات میں ایک کھلاڑی کی موت اور ایک زخمی

- Advertisement -
- Advertisement -

کوالالمپور / ریاض۔ چند گھنٹوں کے فرق سے دومختلف واقعات میں ایک کھلاڑی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ دوسرے واقعہ میں ایک کھلاڑی زخمی لیکن اس کا ڈرائیورسڑک حادثے میں موت کی نیند سوگیا ہے۔ پہلا واقعہ سعودی عرب میں رواں ڈکار ریلی کا ہے جہاں ایک حادثہ میں پاولوگونزالیز کی موت ہوگئی جبکہ دوسرا واقعہ ملیشیا کا ہے جہاں خطاب جیتنے کے بعد اپنی ملک واپسی کےلئے ایرپورٹ جانے والے جاپانی بیڈ مینٹین کھلاڑی کنٹو موموٹا کار حادثہ میں زخمی ہوگئے جبکہ کار چلانے والا ڈرائیور حادثہ میں ہلا ک ہوگیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈکار ریلی میں حصہ لینے والے 45 سالہ پرتگالی رائیڈر پاولو گونزالیز ریلی کے ساتویں مرحلے میں حادثے کا شکار ہوکر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حادثہ ریاض اور وادی الدواسر کے درمیان پیش آیا ہے۔ ڈکار ریلی کی انتظامیہ نے توجہ دلائی ہے کہ گونزالیز تیرہویں مرتبہ ریلی میں شرکت کررہے تھے۔ وہ 2015 میں موٹر سائیکلوں کی ریس میں دوسرے نمبر پر آئے تھے۔ حادثے کے وقت طبی ٹیم کے پہنچنے پر گونزالیزکو بے ہوش پایا گیا۔ طبی عملے نے انہیں جائے وقوعہ پر طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی لیکن جانبر نہ ہو سکا۔

گونزالیز نے ڈکار ریلی میں شرکت کا آغاز 2006 میں کیا تھا۔ چار مرتبہ پہلے دس مقامات حاصل کرنے والوں میں رہے۔ رواں ڈکار ریلی میں 46 ویںمقام پر تھے۔ انہوں نے چھٹا مرحلہ ریاض میں مکمل کرلیا تھا اور ساتویں مرحلے کی دوڑ میں شریک تھے۔ ڈکار ریلی کے تحت بارہ روزہ سفر میں ڈرائیور سعودی عرب کے مختلف علاقوں کا 7500 کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔ ریلی کا آغاز بحر احمر کے ساحلی شہر جدہ سے ہوا تھا۔ یہ سعودی عرب کے مغربی ساحل سے ہوتے ہوئے نیوم شہر پہنچیں گے اور مملکت کے مختلف ریگستانوں سے ہوتے ہوئے ریاض کے مغربی القدیہ پہنچ کر ریلی کا اختتام کریں گے۔

دوسرے واقعہ میں بیڈمنٹن کی عالمی درجہ بندی میں پہلے مقام پر فائز کھلاڑی کنٹو موموٹا سڑک حادثہ میں زخمی ہوئے ہیں جبکہ ان کا ڈرائیور اس حادثہ میں فوت ہوگیا۔ یہ حادثہ اس لئے بھی افسوسناک ہے کیونکہ اس سے چند گھنٹے قبل کنٹو نے ملیشیا ماسٹرس خطاب حاصل کیا ہے۔ پولیس کے بموجب 25 سالہ جاپانی کھلاڑی حادثہ میں اس وقت زخمی ہوئے جب ان کی کار صبح کی اولین ساعتوں میں ایرپورٹ کی سمت رواں تھی۔ اس حادثہ میں ان کی ناک ٹوٹنے کے علاوہ چہرے پر متعدد زخم آئے ہیں۔ اس حادثہ کی وجہ سے رواں برس ٹوکیو اولمپکس کیلئے ان کی تیاری متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔