Monday, April 21, 2025
Homeتازہ ترین خبریںدونوں شہروں میں 41 لاکھ سے زائد رائے دہندگان امیدواروں کا فیصلہ...

دونوں شہروں میں 41 لاکھ سے زائد رائے دہندگان امیدواروں کا فیصلہ کریں گے

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد – ۔12 مارچ ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ہندوستان میں لوک سبھا کے انتخابات کا اعلان کردیئے جانے کے بعد دونوں شہر حیدرآباد اور سکندرآباد کا ماحول بھی انتخابی نظرآنے لگا ہے۔ دونوں شہروں میں 14 اسمبلی حلقے ہیں جس میں سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقہ ملکاجگری لوک سبھا حلقہ میں شامل ہو چکا ہے۔ حیدرآباد کے پارلیمانی حلقہ میں مجموعی طورپر1935 پولنگ اسٹیشنس قائم کئے گئے ہیں اور یہ 770 عمارتوں میں قائم کئے جائیں گے۔ کے منیکاراج ریٹرننگ آفیسر مقرر کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب جڑواں شہر سکندر آباد کے لئے حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے جوائنٹ کلکٹر جی روی ریٹرننگ آفیسر کی خدمات انجام دیں گے۔ سکندرآباد لوک سبھا میں رائے دہندوں کی تعداد 19,54,813 ہے جبکہ حیدرآباد میں جملہ رائے دہندوں کی تعداد 119,59,490 ہے۔ اسی طرح حیدرآباد ضلع کے 15 اسمبلی نشستوں کے 41 لاکھ رائے دہندے اپنے بنیادی حق سے استفادہ کریں گے اور یہ 11 اپریل کو اپنا ووٹ پسندیدہ امیدوار کو دیں گے۔ دونوں شہروں میں جملہ ووٹروں کی تعداد 41,62,215 ہے جس میں مرد رائے دہندوں کی تعداد 21,57,889 جبکہ خواتین کی تعداد 20,04,139 ہے۔ دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ تیسری جنس کے 187 رائے دہندے بھی موجود ہیں۔ سکندرآباد میں مشیرآباد، امیر پیٹ، خیریت آباد، جوبلی ہلز، صنعت نگر، نامپلی اورسکندرآباد حلقہ موجود ہے اسی طرح حیدرآباد میں ملک پیٹ، کارواں، گوشہ محل، چارمینار، چندرائن گٹہ، یاقوت پورہ اور بہادر پورہ اسمبلی نشستوں کے حلقے ہیں۔ دونوں شہروں میں جن امیدواروں کے کامیاب ہونے کی پیش قیاسی کی جارہی ہے ان میں سکندرآباد سے ٹی آر ایس اور حیدرآباد سے ایم آئی ایم کوسرفہرست رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب سکندرآباد میں بی جے پی دوسرا مقام حاصل کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگائے گی تو دوسری جانب حیدرآباد میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر الدین کو کانگریس کی جانب سے امیدوار بنائے جانے کی قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں۔