نئی دہلی ۔ دنیا بھر میں محبت کی نشانی تاج محل کی وجہ سے ہندوستان کی نہ صرف ایک بہترین شناخت ہے بلکہ اس تاریخی عمارت کی وجہ سے حکومت کو سالانہ کروڑہا روپیوں کی آمدنی ہوتی ہے لیکن متعصب نظریات اور تنگ ذہنیت کے سیاستی لیڈروں نے تاج محل کو حالیہ دنوں میں ایک متنازعہ یادگار بنانے کی کوشش کی ہے جس خود حکومت کو نقصان ہوا ہے ۔
مودی حکومت کی متنازعہ پالیسیوں نے ہندوستان کے شعبہ سیاحت کو نقصان پہنچادیا ہے ۔ امریکہ اور برطانیہ سمیت سات ممالک نے اپنے شہریوں کو ہندوستان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت دی ہے جس کے بعد دو ہفتوں کے دوران دو لاکھ سے زائد سیاح تاج محل کا دورہ منسوخ کر چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مظاہروں سے ہندوستان میں سیاحت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دو ہفتوں کے دوران تقریباً دو لاکھ سیاح تاج محل کا دورہ منسوخ یا ملتوی کرچکے ہیں۔گذشتہ دسمبر کے مقابلے میں اس سال سیاحوں کی تعداد میں 60 فیصد کمی آئی ہے۔ آسام میں بھی ایک سینگھ والے گینڈوں کو دیکھنے آنے والے سیاحوں کی تعداد 90 فیصد کم ہوگئی ہے۔
مظاہروں کی وجہ سے اب تک سات ممالک اپنے شہریوں کو ہندوستان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت دے چکے ہیں۔ ان ممالک میں امریکہ، برطانیہ، روس، اسرائیل، سنگا پور، کینیڈا اور تائیوان شامل ہیں۔