حیدرآباد۔ ہندوستانی وکٹ کیپر اور سابق کپتان مہندرسنگھ دھونی ہندوستان کے سب سے زیادہ پسندیدہ کرکٹروں میں شامل ہیں اسی لیے شائقین مسلسل ان کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہی مقبولیت اب مداحوں کیلئے خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سرچ انجن پر سابق کپتان دھونی کے بارے میں کوئی معلومات تلاش کرنے کے ساتھ ہی خطرناک وائرس آپ کے الیکٹرانک آلات کو اپنی زد میں لے لیتا ہے، جو آپ کی اہم معلومات کے لئے بھی خطرہ ہے۔
اسی طرح دیگر کھلاڑیوں میں سچن تندولکر، ہرمن پریت کاور اور پی وی سندھو کے بارے میں معلومات کی تلاش بھی خطرناک ہے۔ سافٹ ویر سکیوریٹی مہیا کرانے والی کمپنی میک فے ‘موسٹ ڈینجرس سیلیبریٹی 2019 کی فہرست میں دھونی کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ اپنے 13 ویں ایڈیشن میں میک فے کی تحقیق نے مقبول شخصیات کی نشاندہی کی ہے، جو سب سے زیادہ پر خطر تلاش کے نتائج مرتب کرتی ہے، جن سے ان کے مداحوں کو خطرناک ویب سائیٹ اور وائرس کا خطرہ رہتا ہے۔
سال 2011 کے ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے کپتان مقبولیت کے معاملے میں ہندوستانی کپتان کوہلی اور سچن تندولکر سے بھی آگے ہیں جس کا تذکرہ ایک سروے میں حال ہی میں کیا گیا تھا۔ ان کے مداحوں کی تعداد بھی اور بیرون ملک میں ہے جو سرچ انجن پر دھونی سے متعلق معلومات کی تلاش میں رہتے ہیں۔ ان کی بے پناہ مقبولیت نے سائبر جرائم کو صارفین کو خطرناک ویب سائٹس کی جانب راغب کرنے کا موقع دے دیا جو مال ویر انسٹال کر ذاتی معلومات اور پاس ورڈ چرا سکتے ہیں۔
اس سروے کے مطابق فہرست میں دوسرے نمبر پر سابق کرکٹر سچن ہیں۔ وہیں فہرست میں آٹھویں نمبر پر ہندستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی ٹوئنٹی 20 کپتان ہرمن پریت کور ہیں۔ دیگر مشہور شخصیات میں تیسرے نمبر پر رئیلٹی ٹی وی شو بگ باس کے فاتح گوتم گلاٹی ہیں۔ ان کے بعد بالی ووڈ اداکارہ سنی لیونی بھی زیادہ پیچھے نہیں اور پھر پاپ آئکن بادشاہ ہیں۔ فہرست میں چھٹے مقام پر رادھیکا آپٹے، ساتویں نمبر پر شردھا کپور، نویں مقام پر عالمی چمپئن شپ کی گولڈ میڈلسٹ بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو اور دسویں مقام پر پرتگالی فٹبالرکرسٹیانو رونالڈو ہیں۔میک فے انڈیا کے نائب صدر وینکٹ کرشناپور نے کہاکہ انٹرنیٹ کی آسان دستیابی اور متعدد مربوط ڈیوائسز نے صارفین کو پوری دنیا سے مواد حاصل کرنا آسان بنا دیا ہے۔