نئی دہلی: کرکٹ لیجنڈ سنیل گواسکر کے بعد ہندوستانی ٹیم کو پہلا ورلڈکپ خطاب دلوانے والے سابق کپتان کپل دیو نے بھی چینائی سوپرکنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو ڈومسٹک کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر دھونی اس سال کی طرح میچ پریکٹس کے بغیر انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ان کے لئے بہتر مظاہرہ کرنا ناممکن ہوگا۔ پچھلے سال جون میں ورلڈ کپ کھیلنے والے دھونی تقریبا ایک سال کے بعد میدان میں اترے تھے اور 39 سالہ دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپرکنگز پہلی مرتبہ آئی پی ایل کے پلے آف میں جگہ بنانے میں ناکام رہی ہے ۔
انگلینڈ میں منعقدہ ورلڈکپ2019 کے سیمی فائنل کے بعد پہلی مرتبہ مسابقتی کرکٹ کھیلنے والے دھونی 14 میچوں میں صرف 116 کے اسٹرائک ریٹ سے 200 رنز ہی بنا سکے جبکہ انہوں نے کوئی نصف سنچری اسکور نہیں کی۔ کپل دیوجنہیں حال ہی میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد انجیو پلاسٹی کا سامنا کرنا پڑا تھا ، وہ چاہتے ہیں کہ دھونی کو ڈومسٹک ٹورنمنٹ میں زیادہ سے زیادہ کھیلنا چاہئے ۔
کپل نے کہا کہ اگر دھونی ہر سال صرف آئی پی ایل میں کھیلنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو پھر ان کے لئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ ناممکن ہوگا۔ کپل نے کہا کہ عمر کے بارے میں بات کرنا ٹھیک نہیں ہے لیکن وہ اپنی39 سال کی عمر میں جتنا زیادہ کھیلیں گے ، جسم اتنا ہی فٹ رہے گا۔
سابق کپتان کپل دیو نے کہا کہ اگر آپ ایک سال میں10 ماہ تک کرکٹ نہیں کھیلیں گے اور اچانک آپ آئی پی ایل کھیلو گے تو آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کیا ہوگا۔ اتنی کرکٹ کھیلتے وقت آپ کو ایک سیزن میں اتارچڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ کریس گیل جیسے کھلاڑی کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا ہے ۔ کپل کا خیال ہے کہ دھونی کو اس سیزن میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی چاہئے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اسے فرسٹ کلاس کرکٹ (ڈومیسٹک لسٹ اے اور ٹی20) میں شرکت کرنا چاہئے اور بہتر کھیلنا چاہئے ۔