نئی دہلی: ہندوستان کےسابق کرکٹر سنیل گواسکر نے اگلے آئی پی ایل میں کھیلنے کے تعلق سے مہندر سنگھ دھونی کے بیان کے بعد کہا ہے کہ دھونی کو2021 سیزن سے قبل ڈومیسٹک سیزن میں کھیلنا چاہئے ۔ ان کے پاس ابھی بھی آئی پی ایل میں 400 رنز بنانے کی صلاحیت ہے۔گواسکر نے اسٹار اسپورٹس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کرشماتی کرکٹر ہیں۔ وہ اپنی بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ وہ ایک رول ماڈل ہیں۔ وہ اچھے کپتان ہیں۔
اگر وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلتے ہیں تو وہ آئی پی ایل کے اگلے سیزن میں دھونی 400 رنز تک بھی اسکور کرسکتے ہیں ۔ گواسکر نے مزید کہا کہ سنگاکارا نے بھی پہلے کہا ہے کہ دھونی کو مسابقتی کرکٹ کھیلنی چاہئے ۔ اگرچہ نیٹ پر پریکٹس ٹھیک ہے لیکن اس عمر میں کسی کو اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لئے مقابلے میں کھیلتے رہنا چاہئے ۔ کیونکہ اس عمر میں وقت اچھا نہیں ہوتا ہے ۔ آپ نے دیکھا کہ سب کچھ ٹھیک ہے لیکن بہت تبدیلی آچکی ہے ۔
اتوار کو چینائی کا کنگز الیون پنجاب کے خلاف لیگ کا آخری میچ تھا۔ چینائی نے پنجاب کو9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ چینائی پہلے ہی پلے آف سے باہر ہو چکی ہے ۔چینائی نے متواتر تین مقابلوں میں فتوحات حاصل کی ہیں۔ دھونی کے ٹاس کے دوران ڈینی موریسن نے ان سے پوچھا کہ کیا یہ آپ کا آئی پی ایل میں پیلے رنگ کی جرسی کا آخری میچ ہے ؟ اس پر دھونی نے فورا جواب دیاکہ بالکل نہیں۔بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ رانجی ٹرافی جنوری سے مارچ تک منعقد ہوگی۔واضح رہےکہ 15 اگست کو دھونی نے بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا تھا۔