Saturday, June 7, 2025
Homesliderدھیمی دھیمی بارش میں عید کی خوشیاں عروج پر

دھیمی دھیمی بارش میں عید کی خوشیاں عروج پر

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ برصغیر میں اس وقت عید الاضحیٰ پورے جوش وخروش سے منائی جارہی ہے حالانکہ ہندوستان کی چند ریاستوں میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے پابندیاں ہیں اور عید گاہوں اور مساجد میں نماز عید کی ادائیگی  پر ہنوز پابندی ہے لیکن ملک کی جنوبی ریاست تلنگانہ میں کورونا کی وجہ سے کوئی پابندی نہیں ہے جس کےبعد اس مرتبہ عید گاہوں میں بندگان توحید نے پورے جوش وخروش کی ساتھ عید کی نماز ادا کی ہے۔عید گاہوں میں عوام کو جوش وخروش عروج پر تھا کیونکہ گزشتہ تین عیدیں وہ عید گاہ میں ادا نہیں کرپائے تھے اس لئے آج موقع کو غنیمت جانتے ہوئے بڑی تعداد میں عوام عید گاہوں میں موجود تھی ۔

شہر حیدرآباد جوکہ تہدیب اور تاریخ کا گہوارہ ہے یہاں بھی عید کا جوش وخروش پوری آب وتاب کے ساتھ جاری ہے ۔دونوں شہروں اوراطراف کے علاقوں میں تادم تحریر دھیمی دھیمی بارش جاری ہے جس کے باوجود عوام کا جوش وخروش کافی گرم ہے ۔دونوں شہروں کی مساجد میں عید کی نماز کا  آغاز صبح  6:20 سے ہی شروع ہوا جو کہ مختلف عیدگاہوں میں 10 بجے تک جاری ہے ۔

نماز عید کے بعد قربانیوں کی سرگرمیاں عروج پر

لاک ڈاؤن بحران نے معیشت کو تباہ ضرور کیا ہے اور اس کی وجہ سے گزشتہ سال کی بہ نسبت اس سال بکروں کی قیمتوں نے آسمان سے باتیں کرنا شروع کردیا ہے لیکن اس کےباوجود بندگان توحید کی ایمانی حرارت کم نہیں ہوئی اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے مہنگے بکرے بھی خریدے ہیں جبکہ جن کی مالی حالات مستحکم نہیں انہوں نے بڑے جانور میں حصہ لیا ہے ۔نماز عید سے فراغت کے ساتھ قربانیوں کی مصروفیات تیز ہوگئی ہیں اور گلی و محلوں میں قصاب حضرات کی چہل پہل نے عید کی رونقوں کو دوبالاکردیا ہے۔

سوشل میڈیا پر مبارک بادی کا طوفان

نماز عید سے فراغت کے ساتھ ہی حیدرآبادی عوام سوشل میڈیا پر اپنے عزیز و اقارب کو مبارک باد دینے میں مصروف ہوگئے ہیں ۔اکثر افراد کے واٹس ایپ اسٹیٹس پر عید مبارک کے دلکش ڈائزین لگے ہوئے ہیں جن میں عید مبارک کے علاوہ مسنون دعائیں بھی دیکھی جاسکتی ہیں ۔نوجوانوں نے ٹک ٹاک اور دیگر ایپ کا سہارا لیتے ہوئے نت نئے انداز میں مبارک بادی کے پیغامات کی حصول وترسیل کا ایک سلسلہ شروع کررکھا ہے۔

زعفرانی شرپسندعناصر بھی متحرک

بقر عید کے آج اس مبارک موقع پر جہاں بندگان توحید اپنے واٹس ایپ کے اسٹیٹس اور ڈی پی پر عید مبارک کے پیغامات کے علاوہ بکروں کے تصاویر لگا رکھی ہیں وہیں بی جے پی اور آر ایس ایس جیسی زعفرانی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے شرپسندوں نے  گائے کی قربانی کے خلاف اپنی نہ صرف ڈی پی لگا رکھی ہے بلکہ اس کے خلاف بطور احتجاج سبھی افراد کو اس طرح کی ڈی پی لگانے کی ہدایت دے رہے ہیں ،جس پر کئی افراد نے اپنی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ننھے بچوں کی سوشل میڈیا پر دھوم

عید کے موقع پر گھر کے معصوم بچوں کو خوشی میں شامل نہ کیا جائے ایسا ہوہی نہیں سکتا اور خاص کر عید کا اصل مزا تو ان  ننھوں کے رنگ برنگے لباس او ر ان کی اداؤں سے ہی ہے۔حیدرآبادی عوام نے سوشل میڈیا پر گھر کے معصوم لیکن بہت ہی خوبصورت دیکھائی دینے والے بچوں کی تصاویر شائع کرتے ہوئے عید کی خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے۔الغرض اس وقت شہر حیدرآباد اور سکندرآباد میں عید کی گھما گھمی اپنے عروج پر ہے او ر ہر گلی و کوچہ اللہ رب العزت کا نعمتوں کا مظہر بنا ہوا ہے ۔

فرحت پٹھا ن