Wednesday, April 23, 2025
Homeٹرینڈنگدہلی میٹرو میں خواتین کو مفت سفر کرنے کی سہولت کا اعلان

دہلی میٹرو میں خواتین کو مفت سفر کرنے کی سہولت کا اعلان

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔ لوک سبھا کے 17 ویں انتخابات میں جہاں کانگریس جیسی جماعتوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، وہیں عام آدمی پارٹی (عآپ) جیسی ریاستی جماعتیں بھی توقع سے کم نشستیں لیے پائی ہیں۔ عام آدمی پارٹی اس وقت وفاقی حکومت کے زیر انتظام علاقے اور دارالحکومت ہند نئی دہلی میں حکومت کے امور انجام دینے میں مصروف ہے لیکن اب اسے آئندہ برس ہونے والے اسمبلی انتخابات کی فکر ستانے لگی ہے گے جس کے لئے اس نے ووٹروں کو لبھانے کی حکمت عملی اختیار کرلی ہے۔

حالیہ لوک سبھا انتخابات میں اپنا ووٹ بینک کم ہونے پر عام آدمی پارٹی نے ووٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ابھی سے ہی اسکیمیں متعارف کروانا شروع کردیا ہے۔ نئی دہلی کے چیف منسٹر اروند کےجریوال نے دہلی میں خواتین کو مفت ٹرین کی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ اب نئی دہلی کی خواتین ٹرین اور حکومت کے زیر انتظام چلنے والی بسوں میں مفت سفرکر سکیں گی۔ تفصیلات کے مطابق اروند کیجریوال نے اعلان کیا کہ آئندہ 2 تا 3 ماہ کے اندر خواتین کے مفت سفر کرنے کا انتطامات مکمل کرلیے جائیں گے۔ دہلی کے چیف منسٹر کیجریوال نے کہا ہے کہ انہوں نے حکام کو خواتین کو بسوں اور ٹرینوں میں مفت سفر کی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے مکمل منصوبہ ایک ہفتے میں پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔

 کیجریوال کے بموجب وہ چاہتے ہیں کہ نئی دہلی میں خواتین کو زیادہ سے زیادہ راحت اورخود مختاری ملے، اس لیے انہیں مفت سفرکی سہولیات فراہم کرنے سمیت انہیں تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے۔ کیجریوال نے وضاحت کی کہ خواتین مفت سفر کرنے یا پھر ٹکٹ خرید کر سفر کرنے کے حوالے سے خودمختار ہوں گی، اگر کوئی خاتون حکومت پر بوجھ نہیں بننا چاہتی تو وہ ٹکٹ خرید کر سفر کر سکتی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق نئی دہلی میں روزآنہ 40 لاکھ افراد سرکاری ٹرینوں اور بسوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں اور ان میں 33 فیصد خواتین شامل ہیں۔ اگر دہلی حکومت خواتین کو مفت سفر کی سہولیات فراہم کرے گی تو حکومت پر سالانہ 1200 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا اور اگر منصوبہ متعارف ہوا تو دہلی ہندوستان کا پہلا علاقہ ہوگا جو خواتین کو مفت سفرکی سہولیات فراہم کرے گا۔