Wednesday, April 23, 2025
Homeٹرینڈنگدہلی پولیس نے جے این یو تشدد پرنامعلوم افراد کے خلاف ایف...

دہلی پولیس نے جے این یو تشدد پرنامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی: دہلی پولیس نے اتوار کی شام جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں نامعلوم نقاب پوش افراد کی جانب سے طلبہ کے ساتھ مار پیٹ اور تشدد کے سلسلے میں پیر کے روز ایف آئی آر درج کی۔نامعلوم شر پسندوں کے خلاف آگ زنی اور حملہ کا مقدمہ درج کیا گیا۔دہلی پولیس کو اس معاملے میں بہت سی شکایات موصول ہوئی تھیں،جس کی بنیا د پر یہ کیس بنایا گیا۔پولیس ذرائع نے اس پورے معاملے کی تحقیقات کرائم برانچ کو سونپ دی گئی ہے۔

جے این یو انتظامیہ کی جانب سے پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج طلب کی ہے۔ایک سینئر عہدیدار نے بتایا ’وسنت کنج پولیس اسٹیشن سے اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔پولیس کو بائیں بازو اور اے بی وی پی کے طلباء کی شکایت بھی موصول ہوئی ہے۔عہدیدار نے کہا ”ہم ان طلباء کے ذریعہ دی گئی تفصیلات کی تصدیق کر رہے ہیں“۔

اتوار کی رات،جے این یو کیمپس میں اس وقت تشدد پھیل گیا،جب کچھ نقاب پوش افراد نے جے این یو کے کیمپس کے اندر طلباء اور اساتذہ کو لکڑی اور لوہے کی سلاخ سے پیٹا،اس واقعہ میں طلبہ و اساتذہ شدید زخمی ہوگئے،زخمی ہونے والوں کی صحیح تعداد معلوم نہیں ہوسکی ہے،کم از کم 20طلباء کو شدید زخمی حالت میں آل انڈیا انسٹے ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں داخل کیا گیاتھا،مبینہ طور پر زخمی ہونے والوں میں طلباء یونین کی صدر طالبہ عیشی گھوش بھی شامل ہیں۔

  پولیس نے چار بیرونی افراد کو کیمپس کے شمالی گیٹ سے اس وقت حراست میں لے لیا،جب وہ احاظے سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔عہدیدار نے بتایا ”ان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔

جے این یو،جامعہ اور دہلی یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ کے ایک وفد نے دہلی پولیس کے تعلقات عامہ کے افسر کوچار مطالبات کے ساتھ در خواست جمع کرائی ہے،جس میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنا اور تشدد میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ بھی شامل ہے۔دہلی یونیورسٹی اساتذہ ایسوسی ایشن کے صدر رجب رے نے کہا ”پولیس نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے گی اور ہمارے مطالبات سنے گی“۔طلباء نے پولیس سے جے این یو چھوڑنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

بائیں بازو کے زیر کنٹرول جے این یو ایس یو،اور آر ایس ایس سے وابستہ اے بی وی پی ایک دوسرے پر تشدد کا الزام لگا رہے ہین،اسی بیچ،ممبئی کے مختلف کالجوں کے طلبہ نے اتوار کو دیر رات ”گیٹ آف انڈیا“پر جمع ہوئے اور انہوں نے جے این یو میں ہونے والے تشدد کے خلاف احتجاج کیا۔اس دوران جے این یو کے طلباء سے اظہار یکجہتی کے لئے شمعیں روشن کیں۔