نئی دہلی۔ ملک کے دارالحکومت دہلی کے ذاکر نگر میں واقع ایک مکان میں دیر رات آگ لگنے سے چھ افراد کی موت ہو گئی، جبکہ 10 افراد شدیدطور سے جھلس گئے ۔فائر بریگیڈ کے ایک عہدیدار نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ گزشتہ رات تقریبا2.30 بجے ذاکر نگر میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ اس کے بعد فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیوں کو موقع پر بھیجا گیا جس کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
پولیس کے مطابق مرنے والوں میں دو مرد، دوخواتین اور دو بچے شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ اس چار منزلہ عمارت میں جملہ13 فلیٹ ہیں ۔ آگ بجلی کے میٹر بورڈ سے پھیلی تھی۔ آگ اتنی بھیانک تھی کہ پارکنگ میں کھڑی سات کاریں اور آٹھ موٹر سائیکل بھی جل کر راکھ ہو گئی۔ آگ میں جھلسے لوگوں کو علاج کے لئے ہولی فیملی دواخانہ میں داخل کرایا گیا ہے ۔دہلی کے چیف منسٹر اروندکیجری وال نے جنوبی مشرقی دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے نزدیک ذاکر نگر علاقہ میں آتشزدگی میں مرنے والے لوگوں کے گھروالوں کو فی کسپانچ لاکھ روپئے اور زخمیوں کو فی کس دو لاکھ کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ۔
کیجیریوال نے ذاکر نگر میں جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے بعد یہ اعلان کیا۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو پانچ لاکھ اور زخمیوں کو د و لاکھ روپئے کی امدادی رقم دی جائے گی۔ آگ لگنے کے اسباب کی جانچ کی جائے گی۔ واضح رہے کہ جنوب مشرقی دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے نزدیک ذاکر نگر میں آگ لگنے سے چھ لوگوں کی موت اور10 دیگر زخمی ہوگئے ۔ کیجریوال نے ٹویٹ کیا کہ ذاکر نگر میں آگ لگنے اور متعدد اموات کی اطلاع ملنے پر غمزدہ ہوں ۔میں جائے حادثہ کا معائنہ کررہاہوں اور دہلی حکومت متاثرہ خاندانوں کو ہرممکن مدد فراہم کرے گی اور آتشزدگی کے اسباب کی جانچ کرائیگی ۔