کوتھا گڈم۔دیسی ساختہ بم پھٹنے اور ایک نوجوان کے زخمی ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی ہے اور اس واقعہ کا ہر زاویہ سے تحقیق کا آغاز کردیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز ضلع کے چیرلا منڈل میں لینن کالونی کے قریب پیش آیا ہے جہاں دیسی ساختہ بم پھٹنے سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ آم کے باغ میں پیش آیا جہاں ماؤ نوازوں نے ایک درخت پر پوسٹر آویزاں کیا ہے۔
کہا گیا کہ پوسٹر کو دیکھتے ہوئے نوجوان آلم برہما نائیڈو اپنی موٹر سائیکل پر اس کے مندرجات کو پڑھنے اور اپنے فون پر تصویر لینے کے لیے گیا جس کے بعد پھر پریشر بم پھٹ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی چیرلہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی نوجوان کو علاج کے لیے بھدرچالم کےعلاقائی سرکاری دواخانہ منتقل کیا۔ اس کی دائیں پیر سے خون بہہ رہا ہے اور اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔
آئی ای ڈی درخت کے قریب زمین میں نصب کیا گیا تھا جس پر پوسٹر آویزاں کیا گیا تھا اور موٹر سائیکل کے وزن نے پریشر بم کو پھٹنے کے لیے متحرک کیا ، جس کے اثر سے نوجوان اور اس کی موٹر سائیکل کو نقصان ہوا ہے ۔ پریشر بم جس کے ذریعہ پولیس کو نشانہ بنایا گیا تھا اور اس طرح نصب کیا گیا تھا کہ جو بھی اسے ہٹانے کی کوشش کرے گا وہ دھماکے کی زد میں آ جائے گا۔ پولیس نے وضاحت کی کہ عام طور پر ماؤ نواز علیحدہ جگہوں پر پوسٹر لگاتے اور ڈسپلے کرتے ہیں لیکن دھماکہ شدہ آئی ای ڈی گاؤں کے بہت قریب لگایا گیا تھا۔اس واقعہ کے بعد علاقہ میں پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ہے اوراس واقعہ سے وابستہ افراد کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ گاؤں کے قریبی جنگلات میں زراعت اور دیگر مصروفیات کے وقت احتیاط برتیں ۔