ممبئی ۔ مہاراشٹر کی سیاست نے ہفتہ کی صبح ایک زبردست کروٹ اس وقت بدلی جب بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس نے ایک بار پھر چیف منسٹرکے عہدہ کا حلف لے لیا۔ دیویندر فڑنویس کو دوبارہ چیف منسٹر بنانے میں اہم کردار نبھایا ہے این سی پی نے۔ وہی این سی پی جس کے ساتھ مل کر شیوسینا حکومت سازی کا دعویٰ کر رہی تھی۔ جمعہ کی رات تک شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کی مشترکہ حکومت بننے کی بات سبھی میڈیا چینل کہہ رہے تھے، لیکن ہفتہ کی صبح مہاراشٹر کی سیاست میں اس وقت کہرام مچ گیا جب تقریباً 8 بجے دیویندر فڑنویس نے چیف منسٹر اور این سی پی لیڈر اجیت پوار نے نائب چیف منسٹر عہدہ کا حلف لیا۔
اس نئے سیاسی ماحول نے شیوسینا کو زبردست جھٹکا پہنچایا ہے۔ شیوسینا نے جمعہ کو کہا تھا کہ کانگریس اور این سی پی سے سبھی معاملات اور مسائل پر بات چیت ہو گئی ہے اور متفقہ طور پر شیوسینا سے 5 سال کا چیف منسٹر بنائے جانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ این سی پی و کانگریس کے کئی لیڈران بھی کئی مرتبہ واضح لفظوں میں اس طرح کا بیان دیا کہ وہ شیوسینا کے ساتھ حکومت سازی کرنے کے لیے تیار ہیں اور اس مقصد سے ایک کم از کم مشترکہ پروگرام بھی تیار کیا گیا ہے۔
نئے سیاسی ماحول میں ایک طرف جہاں بی جے پی میں خوشی کا ماحول ہے، وہیں شیوسینا کی طرف سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ کچھ ذرائع کا یہ ضرور کہنا ہے کہ شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کے درمیان بات چیت ہوئی ہے اور این سی پی سربراہ شرد پوار نے انھیں صاف لفظوں میں کہا ہے کہ اس پورے معاملے کی انھیں کوئی علم ہی نہیں ہے۔ این سی پی کے سینئر لیڈر پرفل پٹیل نے بھی ایک ینوز پورٹل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شرد پوار کو نئے سیاسی ماحول کے بارے میں پہلے سے کوئی معلومات نہیں تھی۔ دریں اثنا مہاراشٹر کے چیف منسٹر کا حلف لینے کے بعد دیویندر فڑنویس کو مبارکبادیاں ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے فڑنویس کے چیف منسٹر بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ عوام کے حق میں کام کریں گے۔
نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ دیویندر فڑنویس جی اور اجیت پوار جی کو بالترتیب چیف منسٹر اور نائب چیف منسٹر عہدہ کا حلف لینے پر مبارکباد۔ مجھے یقین ہے کہ وہ مہاراشٹر کے روشن مستقبل کے لیے لگن سے کام کریں گے۔ امیت شاہ نے بھی فڑنویس کے ساتھ ساتھ این سی پی لیڈر اجیت پوار کو نائب چیف منسٹر بننے پر مبارکباد دی۔