حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم ونسق وشہری ترقیات کے تارک راما راو نے دعوی کیا ہے کہ دیہی عوام کی زندگیوں کو مستحکم کرنا ہی حکومت کا مقصد ہے اور حکومت اس سمت کام کررہی ہے۔انہوں نے کریم نگر ضلع میں مین بیلنسنگ ریزروائر کا افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام کو درپیش پینے کے پانی،آبپاشی اور بجلی کے مسائل سے مختصر وقت میں نمٹا گیا۔
انہوں نے کہاکہ ریزروائر کی تعمیر کا کام 30سالہ منصوبہ کے حصہ کے طورپر کیاگیا تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی تکمیل کی جاسکے۔انہوں نے نشاندہی کی”ہم نے کالیشورم پروجیکٹ کی تین سال میں تکمیل کی۔ہم ہر کام کی کامیاب تکمیل کے ساتھ پیشرفت کررہے ہیں۔ہم نے ہر دن 24گھنٹے معیاری بجلی کی فراہمی کی ہے۔مستقبل میں 230کروڑپودے لگانے کا نشانہ بھی رکھاگیا ہے۔ہم جلد ہی کیبل برج کی تکمیل کرتے ہوئے اس کو عوام کے نام معنون کریں گے۔ٹی ہب ریجنل سنٹر کا کریم نگر میں قیام عمل میں لایاگیا ہے۔یہ یہاں پر صنعتیں قائم کرنے کے لئے دیگر ممالک میں مقیم افراد کے لئے ایک اچھا موقع ہے“