نئی دہلی :سابق وزیر آعظم راجیو گاندھی کی آج75واں یوم پیدائش ہے۔ان کی پیدائش 20 اگسٹ 1942کو بمبئی (ممبئی) میں ہوئی تھی۔ وزیر آعظم نریندر مودی نے منگل کے روز سابق وزیر آعظم راجیو گاندھی کی 75ویں یوم پیدائش پر انہیں خراج پیش کیا۔
وزیر آعظم نے ٹویٹ کیا ”ہمارے سابق وزیر آعظم شری راجیو گاندھی کو ان کے یوم پیدائش پرسلام۔
کانگریس کے سینئیر لیڈر راہل گاندھی نے اپنے والد کو ایسے شخص کے طور پر یاد کیا،جس نے انہیں سکھایا تھا کہ کبھی کسی سے نفرت مت کرو“۔راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا ”آج ہم محب وطن اور دور اندیش راجیو گاندھی جی کی 75ویں یوم پیدائش منا رہے ہیں،جن کی دور اندیشانہ پالیسیوں نے ہندوستان کی تعمیر میں مدد کی۔
انہوں نے کہا ”میرے لئے وہ ایک بہت محبت کرنے والے والد تھے،جنہوں نے مجھے یہ سکھا یا کہ کبھی نفرت مت کرو،معاف کرو اور سبھی انسانوں سے پیار کرو ۔
سونیا گاندھی،راہل گاندھی کے ہمراہ،پارٹی کے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے”ویربھومی“میں سابق وزیر آعظم کو خراج پیش کیا۔سابق صدر پرنب مکھرجی،سابق وزیر آعظم منموہن سنگھ،سابق نائب صدر حامد انصاری،غلام نبی آزاد،ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا، احمد پٹیل اور متعدد دیگر رہنماؤں نے بھی ”ویربھومی“جاکر ان کی سمادھی پر پھول پیش کر کے ر اجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے سابق وزیر آعظم کو یاد کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ”آپ ہمیشہ میرے دل اور ہر اس فرد کے دل میں ہیں،جس کو آپ سے لگاؤ رہا ہے۔
کانگریس پارٹی نے سابق وزیر آعظم راجیو گاندھی کی سالگرہ کو ”سد بھاونہ دیوس“ کے نام سے مناتی ہے۔1984میں اپنی والدہ اور سابق وزیر آعظم اندرا گاندھی کے قتل کے بعد راجیو گاندھی کو ملک کا وزیر آعظم بنایا گیا تھا۔وہ 40سال کی عمر میں وزیر آعظم منتخب ہوئے تھے۔راجیو گاندھی کو مئی 1991میں تمل ناڈو کے سری پرمبدور میں کانگریس کے لئے انتخابی مہم چلانے کے دوران قتل کیا گیا تھا۔