نئی دہلی۔ ہندوستان کے نئے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم بالخصوص مڈل آرڈر بیٹرس کو آئی سی سی ٹرافی جیتنے کے لیے بدترین صورتحال سے نمٹنے کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا۔ پچھلے چار سالوں میں ہندوستان 2017 کی چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں، 2019 ونڈے ورلڈ کپ کا سیمی فائنل ہار گیا ہے اور 2021 ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے سے باہر ہو گیا ہے۔ تمام مواقع پر ایک مشترکہ عنصر ٹیم کی وکٹوں کے ابتدائی نقصان سے سنبھلنے میں ناکامی رہی ہے۔ اس لیے روہت اب چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم کے ساتھی ماضی کے تجربات سے سیکھیں اور اگلے ورلڈ کپ سے پہلے خود کو تیار کریں۔
ہم نے چمپیئنز ٹرافی، 2019 کا ورلڈ کپ اور یہاں تک کہ یہ ٹی20 ورلڈ کپ بھی ہارا ہے۔ کھیل کا وہ ابتدائی مرحلہ ہے جہاں ہم مقابلہ ہارے ہیں۔ یہ وہ چیز ہے جسے میں ذہن میں رکھوں گا۔ میں دیکھوں گا کہ ہمیں بدترین حالات کے لیے تیاری کرنی ہوگی۔ روہت نے یوٹیوب شو بیک اسٹیج ود بوریا میں کہا کہ ہمیں اس کے لیے تیاری کرنی ہوگی جب ٹیم کے ابتدائی 3 وکٹیں 10 رنز پر آوٹ ہوجاتی ہیں اور اسی طرح میں آگے بڑھنا چاہتا ہوں اور ساتھیوں تک پیغام پہنچانا چاہتا ہوں کہ وہ لوگ جو 3،4،5.6 پر بیٹنگ کر رہے ہیں انہیں نازک صورتحال میں بہتر مظاہرے کےلئے خود کو تیار رکھنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کہیں نہیں لکھا ہے کہ اگر آپ 10 رنز کے عوض 3 وکٹیں گنوادیتے ہو تو آپ 189-190 یا اس سے زیادہ تک کے اسکور کو نہیں پہنچ سکتے۔ میں چاہتا ہوں کہ ساتھی اس انداز میں تیاری کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مان لیجئے کہ ہم سیمی فائنل کھیل رہے ہیں اور ہم پہلے دو اوورز میں 2 وکٹ پر 10 رنز کی نازک صورت حال میں ہیں تو اس موقع پر ہم کیا کریں؟ کیا منصوبہ ہے؟ میں خود کو دوبارہ اس صورتحال میں ڈالنا چاہتا ہوں اور دیکھنا چاہتا ہوں کہ کیا ہم اس کا جواب دے سکتے ہیں۔ ہمارے پاس بہتر کھلاڑی ہیں۔ ورلڈ کپ سے پہلے اس کو جانچنے کے لیے ہمارے پاس موقع ہے ۔ 34 سالہ اسٹار اوپنر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ان تینوں کھیلوں میں مماثلت ہے جو ہندوستان نے ہارے تھے ۔ دو پاکستان اور ایک نیوزی لینڈ کا مقابلہ تھا اور تین مقابلے بھی آئی سی سی ٹورنمنٹس میں ہی ہوئے تھے ۔