میلبورن۔ اجنکیا رہانے نے اپنی کپتانی میں پہلے تین ٹسٹ لگاتار جیت کرسابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی برابری کرلی ہے ۔ رہانے اس طرح اپنی کپتانی میں پہلے تین ٹسٹ جیتنے والے دوسرے ہندوستانی کپتان بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ کامیابی مہندر سنگھ دھونی نے حاصل کی تھی۔ اس سے پہلے رہانے نے آسٹریلیا کو دھرم شالہ میں 2016-17میں آٹھ وکٹوں سے اور افغانستان کو بنگلور میں اننگز اور262 رنز سے شکست دی تھی۔
ہندوستانی کپتان نے اس میچ میں پہلی اننگز میں سنچری بنائی تھی ، جس کے لئے وہ مین آف دی میچ بنے ۔ رہانے کی 12 ویں ٹسٹ سنچری تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ رہانے کی 12سنچریوں میں ہندوستان کو کسی مقابلے میں شکست نہیںہوئی ۔ رہانے کی ان 12 سنچریوں میں ہندوستان نے نو میچ جیتے ہیں اور تین ڈرا ہوئے ہیں۔ رہانے نے ونڈے میچوں میں جو تین سنچری اسکور کی ہیں ان میں بھی ہندوستان نے کامیابی حاصل کی ہے ۔
کوہلی کے جنوری میں اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے وطن لوٹ جانے کے بعد رہانے نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے باقی تین ٹیسٹ میچوں کے لئے ہندوستان کے کپتان ہیں اور میلبورن میں باکسنگ ڈے ٹسٹ میں ہندوستان کو آٹھ وکٹوں سے اہم کامیابی دلائی ہے ۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستان نے چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابری کرلی ہے ۔
یادرہے کہ اس ٹسٹ میں رہانے کی قیادت کافی متاثر کن رہی ۔پہلے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کے تاریخ میں کم ترین اسکور 36 رنز پر ڈھیر ہونے اور کوہلی کے وطن واپس لوٹ جانے کے بعد یہ گمان کیا جارہا تھا کہ شاید ہندوستانی ٹیم کو دیگر مقابلوں میں مزید پریشان کن صورتحا ل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے لیکن رہانے نے سب سے پہلے 5 بولروں کے انتخاب اور ایک آل راؤنڈرکو ٹیم میں شامل کرتے ہوئے ایک دلیرانہ فیصلہ کیا جس کے بعد میدان میں بولروں کے استعمال، فیلڈینگ کی سجاوٹ کے علاوہ خود بحیثیت بیٹسمین سنچری اسکور کرتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ آسٹریلیا کو کس طرح شکست دی جاسکتی ہے۔