چینائی : انگلینڈ کے سابق اسٹار بیٹسمین اور کپتان کیون پیٹرسن نے کہا ہیکہ انگلینڈ کے خلاف چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں ویراٹ کوہلی کی بحیثیت کپتان واپسی بحث کا اصل موضوع ہوگا۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا فروری کو آغاز ہورہا ہے جس میں ویراٹ کوہلی ہندوستانی ٹیم میں بحیثیت کپتان واپسی کررہے ہیں حالانکہ چند ہفتے قبل اجنکیا رہانے کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا میں تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔
اسٹار اسپورٹس کے شو کرکٹ کنکٹیڈ میں اظہارخیال کرتے ہوئے پیٹرسن نے کہا کہ مجوزہ ہند۔ انگلینڈ چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں کوہلی، رہانے اور جیمس اینڈرسن کے علاوہ دیگر کئی کہانیاں موضوع بحث بنی رہیں گی لیکن ان سب میں سرفہرست رہانے کی قیادت میں ٹیم کی آسٹریلیا میں شاندار کامیابی کے بعد ویراٹ کوہلی کی بحیثیت کپتان واپسی کا موضوع رہے گا۔ اس کے بعد جوفرا آرچر کا پجارا کے خلاف جارحانہ رویہ اور جسپریت بمرا کی واپسی بھی اہم موضوعات رہیں گے لیکن ان تمام کہانیوں میں رہانے کی کامیاب قیادت کے بعد کوہلی کی بحیثیت کپتان واپسی سب سے دلچسپ موضوع رہے گا۔ 40 سالہ پیٹرسن جنہوں نے ایک قلیل عرصہ کیلئے اپنے 9 سالہ بین الاقوامی کریئر کے دوران انگلینڈ کی قیادت کی تھی، حالانکہ انہوں نے 2005ءسے 2014ءتک بین الاقوامی سطح پر انگلش ٹیم کی نمائندگی کی تھی، انہوں نے اس اعتراف میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا کہ سیریز میں کامیابی کیلئے ہندوستان صدفیصد پسندیدہ موقف میں ہے۔
پیٹرسن نے کہا کہ انگلش ٹیم حالانکہ سری لنکا میں سیریز 2-0 سے جیت کر آئی ہے لیکن اس کے باوجود ہندوستان اس سیریز میں کامیابی کیلئے پسندیدہ موقف میں ہے۔ پیٹرسن نے مزید کہا کہ ابتدائی دو ٹسٹ مقابلوں کیلئے انگلینڈ نے اپنے سب سے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب نہیں کیا اور خاص کر کہ وکٹ کیپر بیٹسمین جانی بیرسٹو کو ٹیم میں ہونا چاہئے تھا جوکہ تجربہ کار ہونے کے علاوہ ہندوستانی وکٹوں پر بہتر مظاہروں کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ انگلینڈ نے اپنی گھریلو سیریز میں ہندوستان کو باآسانی شکست دی تھی لیکن اب ہندوستانی ٹیم کی باری ہے جو انگلینڈ کو گھریلو سیریز میں آسانی سے شکست دے سکتی ہے۔
پیٹرسن نے مزید کہا کہ میں جانتا ہوں کہ سری لنکا نے کپتان جیوروٹ غیرمعمولی فام میں تھے اور وہ ان مظاہروں کو ہندوستان میں بھی دہرانے کیلئے پرعزم ہوں گے لیکن انگلش ٹیم کیلئے اوپنرس کا مسئلہ پریشان کن ہے۔ ٹیم میں بین اسٹوکس جوہ سوپر اسٹار ہیں ان کے ساتھ جیمس اینڈرسن بھی ٹیم کیلئے کلیدی مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب روی چندرن اشون، جسپریت بمرا، ویراٹ کوہلی، اجنکیا رہانے اور چیٹیشور پجارا ہندوستان کیلئے اہم کھلاڑی ہوں گے۔ آسٹریلیا میں ٹیم کو کامیابی دلوانے میں اہم رول ادا کرنے والے نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین رشپھ پنت بھی اس سیریز میں توجہ کا مرکز ہوں گے۔