نئی دہلی ۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے بری خبر ہیکہ محدود اوورس کے کپتان روہت شرما زخمی ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف مجوزہ ونڈے اور ٹسٹ سیریز سے باہر ہوچکے ہیں جیسا کہ ماونٹ مونگائی میں منعقدہ پانچویں ٹوئنٹی 20 مقابلہ میں وہ پنڈلی کے زخم میں مبتلاءہوئے ہیں۔ روہت شرما اس مقابلہ میں 41 گیندوںمیں 60 رنز اسکور کرنے کے بعد زخمی ہونے کی وجہ سے اپنی اننگز مکمل نہیں کر پائے تھے اور ان کے آئندہ مقابلوں میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا تھا۔
بی سی سی آئی کے ذرائع کے بموجب روہت شرما کا زخم بہتر نہیں ہے اور انہیں اس تکلیف سے مکمل راحت حاصل کرنے کیلئے وقت لگے گا لہٰذا وہ اب دورہ نیوزی لینڈ سے باہر ہوچکے ہیں۔ بی سی سی آئی کے ذرائع نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ روہت کا اب نیوزی لینڈ میں کسی بھی مقابلہ میں شرکت کا امکان نہیں ہیں جبکہ ٹیم 3 ونڈے اور 2 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کھیلے گی جبکہ ونڈے سیریز کا آغاز چہارشنبہ کو ہورہا ہے۔
روہت کے دورہ نیوزی لینڈ سے باہر ہونے کے بعد اب محفوظ اوپنر مینک اگروال کو ونڈے میں موقع مل سکتا ہے جبکہ شبمن گل جنہوں نے نیوزی لینڈ اے کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کی ہے انہیں ٹسٹ میں موقع دیا جاسکتا ہے۔ سابق سلکشن کمیٹی کے صدر ایم ایس کے پرساد روہت شرما کے متبادل کا اعلان کریں گے جبکہ سکریٹری کی منظوری کے بعد متبادل کھلاڑی کا اعلان کیا جائے گا ۔ ٹسٹ کرکٹ میں تجربہ کار کے ایل راہول کی واپسی ممکن ہے جبکہ گل اور پارتھیو شا کے درمیان محفوظ اوپنر کے مقام کیلئے سخت مسابقت رہے گی۔ روہت کا زخمی ہونا ہندوستان کیلئے ایک بڑا جھٹکا ہے کیونکہ وہ 2019ءمیں تمام طرز کی کرکٹ میں سنچریوں کے ذریعہ ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کررہے تھے۔