Monday, June 9, 2025
Homeٹرینڈنگسترھویں لوک سبھا کا حلف برداریوں کے ساتھ پہلا اجلاس

سترھویں لوک سبھا کا حلف برداریوں کے ساتھ پہلا اجلاس

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ لوک سبھا کے 17 ویں مرحلے کا پہلا اجلاس نو منتخب اراکین کی حلف برداری کے ساتھ شروع ہوگیا۔عبوری اسپیکر ویریندر کمار نے ایوان زیریں کے نئے قانون سازوں کو حلف دلایا ۔وزیراعظم نریندر مودی نے جو ایوان کے رہنما بھی ہیں، سب سے پہلے حلف لیا۔ انہوں نے ہندی میں حلف لیا۔ مودی کی حلف برداریکے بعد کوڈی کونیل سریش (کانگریس) بھتروہری مہتاب (بی جے ڈی) اور برج بھوشن شرن سنگھ (بی جے پی) نے حلف لیا ۔ مہتاب نے اڑیہ زبان میں حلف لیا۔ اس کے بعد مرکزی وزیروں میں راج ناتھ سنگھ، امیت شاہ، نتن گڈکری اور دوسروں نے حلف لئے ۔

مودی جب ایوان میں داخل ہوئے تو مودی مودی کے نعروں سے ان کا استقبال کیا گیا اور جب وہ حلف لینے کے لئے پکارے گئے تو ایک بار پھر میزیں تھپتھپاکر اور مودی مودی کے نعروں کے ذریعہ ان کا خیرمقدم کیا گیا۔ اجلاس کے آغاز سے قبل مودی نے تمام اراکین کی اولین صف کے سامنے سے گذرتے ہوئے انہوں نے سب کا خیرمقدم کیا اور اپوزیشن کے حلقے میں بھی گئے جہاں انہوں نے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کو ہاتھ جوڑ کر آداب کیا۔

نیشنل کانفرنس کے ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے مصافحہ کیا ، سماجوادی پارٹی کے رہنما ملائم سنگھ سے بھی ملے ۔ ایوان آراستہ ہونے کے بعد عبوری اسپیکر ویریندر کمار نے تمام نومنتخب اراکین کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہیں بھروسہ ہے کہ اراکین ذمہ دارانہ طور پر اپنے فرائض انجام دیں گے۔ دیگرحلف لینے والوںمیں مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن، اشونی کمارچوبے اور شری پد نائک نے سنسکرت میں حلف لئے ۔ امیٹھی میں کانگریس کے صدر کو شکست دینے والی اسمرتی ایرانی نے جب حلف لیا تو اس وقت حکمراں حلقے کے اراکین بشمول وزیراعظم نے میزیں تھپتھپائیں۔

فلم اداکار اور پنجاب کے گرداس پور سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سنی دیول صبح تقریباً 11بجے پارلیمنٹ پہنچے ۔انہوں نے ہاتھ ہلاکر وہاں موجود لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور لوک سبھا کے اندر چلے گئے ۔مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر کمل ناتھ اپنے رکن پارلیمنٹ بیٹے نکل ناتھ کے ساتھ پارلیمنٹ پہنچے ۔ نکل ناتھ چھندواڑا لوک سبھا حلقے سے جیت حاصل کرکے پارلیمنٹ پہنچے ہیں۔انہوں نے بھی ہاتھ ہلاکر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔اس کے بعد پنجاب کے سنگرو سے عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ بھگونت مان پہنچے ۔انہوں نے انگلیوں سے جیت کا نشان بناکر تصویریں کھنچوائیں۔

کرکٹر سے سیاست داں بننے اور مشرقی دہلی سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر سفید کرتے پاجامے میں سجے دھجے نظر آئے ۔آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے جیت کے لئے اپنے لوک سبھا حلقے حیدرآبادی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ نے جیت کے لئے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔بی جے پی رکن پارلیمنٹ روی کشن بھی حلف برداری تقریب کے لئے پہنچے ۔ مودی نے کہا مجھے یقین ہے کہ ہمارے ایوان پہلے کے مقابلے میں زیادہ مؤثر رہیں گے اور عوام کے مفاد کے کاموں میں زیادہ توانائی،زیادہ رفتار اور زیادہ اجتماعی کوشش کے جذبے کو موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایوان میں کئی رکن بہت ہی اچھے خیالات رکھتے ہیں،بحث کو بہت معیاری بناتے ہیں لیکن زیادہ تر وہ تخلیقی ہوتے ہیں۔ اگر پارلیمنٹ میں کوئی رکن حکومت کی تنقید بھی بہت منطقی انداز میں کرتا ہے اور وہ بات پہنچتی ہے تو اس میں جمہوریت کو مضبوطی ملتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس جمہوریت کو مضبوط بنانے میں بہت توقعات ہیں۔شروع میں تو ضرور ان توقعات کو پورا کریں گے لیکن پانچ سال تک اس جذبے کو مضبوط بنانے میں بہت بڑا مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا آپ کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ 17ویں لوک سبھا میں ہم اسی نئی توانائی،نئے یقین ،نئے عزم ،نئے خوابوں کے ساتھ ساتھ مل کر آگے چلیں۔ملک کے عوام کی امیدوں اور توقعات کو پورا کرنے میں ہم کہیں کمی نہ رکھیں۔اسی یقین کے ساتھ آپ سب کا بہت بہت شکریہ۔